سابق وزیراعظم نواز شریف کی شیخوپورہ میں بھی جائیداد سامنے آگئی ہے

مشترکہ تفتیشی ٹیم نے 14کنال اور 5 مرلے اراضی کے حوالے سے تحقیقات شروع کر دیں

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعہ 23 اگست 2019 11:33

سابق وزیراعظم نواز شریف کی شیخوپورہ میں بھی جائیداد سامنے آگئی ہے
شیخوپورہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 اگست 2019ء) سابق وزیراعظم نواز شریف کی شیخوپورہ میں بھی جائیداد سامنے آگئی ہے۔ نواز شریف کی شیخوپورہ میں 14کنال اور 5 مرلے اراضی ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ مشترکہ تفتیشی ٹیم نے 14کنال اور 5 مرلے اراضی کے حوالے سے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ اراضی شیخو پورہ کی تحصیل فیروزوالہ کے علاقے منڈیالی میں واقع ہے۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب پنجاب کی جانب سے مراسلہ جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق مشترکہ تفتیشی ٹیم نواز شریف کی اراضی کے معاملے کی تفتیش کررہی ہے۔ اس سے قبل چودھری شوگر ملز کیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف ، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور دیگر ملزمان کی جانب سے مجموعی طور پر 2000 ملین کی منی لانڈرنگ کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

(جاری ہے)

چودھری شوگر ملز کیس کے تفتیشی افسر کی جانب سے جمع کروائی جانے والی رپورٹ میں کہا گیا کہ مریم نواز، نوازشریف اور شریک ملزموں نے 2000 ملین کی منی لانڈرنگ کی۔

ان کےاثاثے ان کے ذرائع آمدن سے مطابقت نہیں رکھتے۔ تفتیشی رپورٹ میں مریم نواز کو منتقل ہونے والے شئیرز کی تفصیلات بھی درج تھیں جن کے مطابق سابق وزیراعظمنواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کو 2008ء میں سعید سیف بن جبر اسعیدی کی جانب سے 94 لاکھ 9 ہزار شئیرز منتقل ہوئے جبکہ شیخ ذکاء الدین نے 20 لاکھ 21 لاکھ 760 شئیرز منتقل کیے۔تفتیشی افسر کی جانب سے جمع کروائی جانے والی رپورٹ کے مطابق ہانی احمد جمون کی جانب سے مریم صفدر کو 97 ہزار شئیرز منتقل کیے گیے جبکہ 2010ء میںمریم صفدر نے یوسف عباس کو 70 لاکھ شئیرز منتقل کیے اور اسی سال مریم نواز نے نواز شریف کو 50 لاکھ شئیرز منتقل کیے۔

اس کے علاوہ شاہد خاقان عباسی نے اپنی وزارت عظمیٰ کے دور میں بلٹ پروف گاڑیاں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کو استعمال کے لیے دی تھیں جس کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ نیب ذرائع نے بتایا کہ ایل این جی کیس میں گرفتار شاہد خاقان سے بلٹ پروف گاڑیوں کی تفتیش بھی ہو گی اور اس حوالے سے قومی احتساب بیورو (نیب) نے احتساب عدالت سے اجازت بھی حاصل کر لی ہے۔ شاہد خاقان عباسی پر خلاف ضابطہ نواز شریف کو بلٹ پروف گاڑی دینے کا الزام ہے۔ نیب نے مؤقف اختیار کیا کہ غیر ملکی مہمانوں کے لیے لائی گئی گاڑیاں نواز شریف کو استعمال کے لیے دے دی گئی تھیں۔

شیخوپورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں