مقامی رہنما عباس جٹ نے اینٹ اُٹھانے والے سات سالہ بچے کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا

کمسن بچے کو چورقرار دے کر عباس جٹ پہلے حویلی میں مرغا بنا کر ڈنڈوں سے مارتا رہا اور جب غصہ ٹھنڈا نہ ہوا تو کمرے میں بند کرکے تین گھنٹے تک ڈنڈے برساتا رہا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 12 ستمبر 2019 10:52

مقامی رہنما  عباس جٹ نے اینٹ اُٹھانے والے سات سالہ بچے کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا
فیروزوالا (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 ستمبر 2019ء) : کم سن بچوں پر تشدد کے واقعات منظر عام پر آتے رہے ہیں لیکن سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے بھی اب کم سن بچوں پر بہیمانہ تشدد کرنا شروع کر دیا ہے جو قابل مذمت ہے۔ ایک واقعہ فیروزوالا میں پیش آیا جہاں نظام پورہ کے رہائشی سات سالہ معصوم طلحہ نے اینٹوں سے گھر بنانے کا روایتی کھیل کھیلنے کے لیے علاقے کے سابق کونسلر کی حویلی سے دو اینیٹیں اُٹھا لیں لیکن اُسے کیا معلوم تھا کہ دو اینٹیں اُٹھانا اُس کے لیے وبال جان بن جائے گا۔

اینٹیں اُٹھائے جانے کی اطلاع موصول ہوتے ہی مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے مقامی رہنما عباس جٹ نے کمسن بچے کو چورقرار دے کرپہلے حویلی میں مرغا بنا کر ڈنڈوں سے مارنا شروع کیا اور جب اس کا غصہ ٹھنڈا نہ ہوا تو اس کے بعد کمرے میں بند کرکے تین گھنٹے تک ڈنڈے برساتا رہا اور اس عرصے میں دیگر طریقوں سے بھی تشدد کرتے ہوئے بچے کے اہل خانہ کے خلاف غلاظت بولتا رہا۔

(جاری ہے)

متاثرہ بچے کے اہل خانہ نے اطلاع موصول ہونے پر علاقہ کے تھانہ فیکٹری ایریا فیروزوالہ میں سابق کونسلر کے خلاف باقاعدہ درخواست دی لیکن تاحال اس ضمن میں کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔ متاثرہ بچے کے والد نے بتایا کہ فیروز والا پولیس با اثر کونسلر کے خلاف کارروائی سے گریزاں ہے اور اس ضمن میں ہمیں کچھ نہیں بتارہی ۔ انہوں نے اپنے بچے کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ میرے بچے کو انصاف فراہم کیا جائے۔ مسلم لیگ ن کے مقامی رہنما کا کم سن بچے پر اس قسم کا تشدد قابل مذمت ہے ، مقامی افراد کا کہنا ہے کہ عباس جٹ کا پولیس پر کافی اثر و رسوخ ہے اور یہی وجہ ہے کہ پولیس ملزم کے خلاف کوئی بھی کارروائی کرنے کو تیار نہیں ہے۔

شیخوپورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں