شیخوپورہ میں ملنگ نے بھنگ کے نشے میں 4 افراد کی جان لے لی

ضلع شیخوپورہ میں ملنگ نے بھنگ پی کرآہنی راڈ سے 4 افراد کو قتل کے بعد لاشیں نالے میں پھینک دیں

بدھ 30 ستمبر 2020 23:38

شیخوپورہ میں ملنگ نے بھنگ کے نشے میں 4 افراد کی جان لے لی
شیخوپورہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 ستمبر2020ء) شیخوپورہ میں بھنگ پی کرایک ملنگ نے 4 افراد کو آہنی راڈ مار کر قتل کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ کے علاقے میں ایک ملنگ نے بھنگ کے نشے میں آہنی راڈ کی مدد سے 4 افراد کو قتل کردیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق ملزم ملنگ نے قتل کے بعد لاشوں کو سیم نالے میں پھینک دیا۔ پولیس نےبروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیاہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ شرقپور روڈ پر بابا بودے شاہ نامی مقام پر پیش آیا۔

(جاری ہے)

ریسکیو کی غوطہ خور ٹیم نے لاشوں کو سیم نالے سے نکال کر پولیس کے حوالے کردیاہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق جاں بحق ہونے والے چاروں افراد بابا بودے شاہ دربار کے ملنگ ہیں جنہیں دربار کے ہی ایک ملنگ نے آہنی راڈ سے سروں پر وار کرکے قتل کردیا اور ان کی لاشوں کو نالے میں پھینک دیا تھا۔ پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت 70 سالہ بابا نشاط، 60 سالہ بابا ہیرہ ، 45 سالہ سائیں اختر اور 55 سالہ مائیں صاحبہ کے نام سے ہوئی۔پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے تفتیش کا آغاز کردیا ہے جبکہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

شیخوپورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں