موٹر وے پر دھوئیں کے باعث متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں

شیخوپورہ کے قریب گندم کی باقیات کو تلف کرنے کے لئے لگائی جانے والی آگ کا دھواں موٹر وے تک پہنچ گیا ، جس کے باعث ہر طرف دھواں چھا جانے سے حد نگاہ تقریباً نہ ہونے کے برابر ہوگئی جو حادثے کا باعث بنی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 5 مئی 2021 14:06

موٹر وے پر دھوئیں کے باعث متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں
لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 05 مئی 2021ء ) موٹر وے پر دھوئیں کے باعث متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ شیخوپورہ کے قریب پیش آیا ، جہاں گندم کی باقیات کو تلف کرنے کے لئے لگائی جانے والی آگ کا دھواں موٹر وے تک پہنچ گیا ، جس کے باعث ہر طرف دھواں چھا جانے سے حد نگاہ تقریباً نہ ہونے کے برابر ہوگئی جس کی وجہ سے متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔

بتایا گیا ہے کہ موٹر وے پر حادثہ پیش آنے کے باوجود علاقے میں اب بھی وہی صورتِ حال دیکھنے میں آئی ہے اور عوام کی طرف سے گندم کی باقیات کو تلف کرنے کے لیے ویسے ہی آگ لگانے کا سلسلہ جاری ہے۔
 
اس صورتحال میں ضرورت اس امر کی ہے کہ موٹر وے کے اردگرد گندم کٹائی کے بعد کھیتوں میں فصل کی باقیات کو آگ لگانے پر مکمل پابندی عائد کی جائے ، کیوں کہ اسی آگ سے موٹر وے دھوئیں کے بادلوں کی لپیٹ میں آ جاتی ہے اور کچھ نظر نہیں آتا جو کہ جان لیوا حادثوں کا باعث بن رہا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف بااثر افراد نے غریب شخص کی پکی گندم کی فصل کو آگ لگا دی ، سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کچھ بااثر افراد نے اپنے ہاتھوں میں ڈنڈے اور کلہاڑیاں پکڑی ہوئی ہیں اور وہ کھیتوں میں پڑی گندم کی پکی ہوئی فصل کو آگ لگارہے ہیں ، آن کی آن میں لگ بھگ ایک ایکٹر میں پڑی گندم کی تیار فصل کو آگ لگا دی گئی جب کہ متاثرین کو کلہاڑی کے زور پر دھمکیاں بھی دی گئیں۔

ویڈیو سے متعلق مبینہ طور پر دعویٰ کیا جا رہاہے کہ یہ جنوبی پنجاب کے ضلع لیہ کی تحصیل کروڑ کی ہے تاہم اس سے متعلق یہ بات سامنے نہیں آسکی کہ دونوں فریقین کے درمیان کیا تنازع تھا اور آگ کیوں لگائی گئی۔ 

شیخوپورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں