شیخوپورہ میں زیادتی کا شکار بچی کو ایک اور ذہنی اذیت کا سامنا

پانچویں کلاس کی بچی پر اسکول کا دروازہ بند کر دیا گیا،اندر ہی داخل نہ ہونے دیا گیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 26 اکتوبر 2021 15:38

شیخوپورہ میں زیادتی کا شکار بچی کو ایک اور ذہنی اذیت کا سامنا
شیخوپورہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 26اکتوبر2021ء) شیخوپورہ میں زیادتی کا نشانہ بننے والی بچی پر اسکول کا دروازہ بند کر دیا گیا۔سماء نیوز کی رپورٹ کے مطابق شیخوپورہ میں چند روز قبل زیاتی کا نشانہ بننے والی پانچویں کلاس کی طالبہ کو اس وقت ایک اور ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا جب وہ اپنے اسکول پہنچی تو اس کے لیے درسگاہ کے دروازے بند کر دئیے گئے اور اندر داخل نہیں ہونے دیا گیا۔

بچی جب اسکول میں دوبارہ پڑھائی شروع کرنے کے لیے گئی تو اسے یہ کہ کر دھتکار دیا گیا کہ وہ اب وہاں کیوں آئی ہے اس کا تو اسکول سے نام ہی کاٹ دیا گیا ہے۔ شیخوپورہ ڈپٹی کمشنر نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اسکول پرنسپل اور سکیورٹی گارڈ کو معطل کر دیا ۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا ہے کہ بچی اسی اسکول میں اپنی تعلیم جاری رکھے گی۔

(جاری ہے)

اسکول پرنسپل نے بچی کا نام اسکول سے خارج کرنے سے انکار کیا ہے۔

خاکروب نے بچی کے ساتھ زیادتی کا اعتراف کیا ہے۔واضح رہے کہ 12اکتوبر کو یہ واقعہ رپورٹ ہوا تھا جب بتایا گیا کہ شیخوپورہ کے سرکاری اسکول میں انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں پر خاکروب نے بچی کی اپنی ہوس کا نشانہ بنا دیا۔پولیس کے مطابق گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول ہاؤسنگ کالونی کے خاکروب نے پانچویں جماعت کی دس سالہ طالبہ کو زیادتی کا نشانہ بنایا۔

بچی نے واقعے سے متعلق گھر آ کر والدہ کو آگاہ کیا۔پولیس نے متاثرہ بچی کی والدہ کی درخواست پر مقدمہ درج کرکے ملزم یونس مسیح کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق میڈیکل رپورٹ میں بچی کے ساتھ زیادتی ثابت ہو گئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ملزم کو سخت سے سخت سے سزا دلوائی جائے گی۔پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا تھا تاہم اب اس معاملے میں بچی کی پڑھائی متاثر ہونے کا بھی خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

شیخوپورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں