شیخوپورہ‘ضلع میں غیر قانونی گیس ری فلنگ مراکز کے نیٹ ورک کا انکشاف

بدھ 21 اکتوبر 2020 12:42

شیخوپورہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2020ء) ضلع میں غیر قانونی گیس ری فلنگ مراکز کے نیٹ ورک کا انکشاف،ذرائع کے مطابق ایک بڑا گیس ڈیلر ضلع کے مختلف مقامات پر قائم گیس ری فلنگ کی غیر قانونی دکانوں کے مالکان کو نہ صرف گیس سپلائی کرکے بھاری منافع کمارہا ہے بلکہ باقاعدہ ماہانہ بھتہ وصول جمع کرکے اس میں سے بعض متعلقہ افسران کو پہنچارہا ہے اورباقی ماندہ رقم خود ہڑپ کرکے ماہانہ لاکھو ں روپے کا غیر قانونی فائدہ اٹھا رہا ہے، ذرائع کے مطابق اس گیس ڈیلر نے دکھاوے کے طور پر جمیل ٹاؤن کے قریب لاہور روڈ پر گیس سلنڈرز فروخت کرنے کی دکان بنارکھی ہے جہاں سے ضلع کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی طور پر گیس ری فلنگ کرنے والے افراد جتنی چاہے گیس باآسانی حاصل کرتے ہیں جسے وہ اپنی دکانوں پر منتقل کر کے پرچون میں شہریوں کو سلنڈرز میں ری فلنگ کے ذریعے فروخت کی جاتی ہے جبکہ مذکورہ گیس ڈیلر نے از خود بھی گیس سلنڈرز کی منتقلی کا نظام بنا رکھا ہے جس کے تحت بھی یہ روزانہ ہزاروں روپے کماتا ہے، جمیل ٹاؤن کے قریب اپنی دکان کے ساتھ اس نے مسافر و پرائیویٹ گاڑیوں میں گیس ری فلنگ کا بھی اہتمام کررکھا ہے جہاں شام ڈھلتے ہی ری فلنگ کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے، انتظامیہ کی ناک تلے دھڑلے سے ا نجام دیئے جانے والے اس غیر قانونی دھندے کو بعض متعلقہ افسران کی طرف سے تحفظ حاصل ہے جن کی یہ ماہانہ جیب گرم کرتا ہے، ذرائع کے مطابق اسکے خلاف کبھی کوئی موثرکاروائی نہیں ہوئی البتہ کبھی کبھار کسی شکایات یا نشاندہی کے باعث دکھاوے کے طور پر معمولی جرمانہ کرکے خانہ پری کی جاتی رہی ہے دوسری طرف مختلف شہری و دیہی آبادیوں میں قائم گیس ری فلنگ کے غیر قانونی مراکز پر بھی ہونیوالی کاروائی کا مک مکا اکثر اسی گیس سپلائر کے تحت ہوتا ہے جو افسران سے ملی بھگت کرکے اپنا نیٹ ورک چلا رہا ہے،واضح رہے کہ ضلع بھر میں ایسے متعدد واقعات رونما ہوچکے ہیں جن میں گیس ری فلنگ کے دوران سلنڈرز پھٹنے سے کئی افراد کی موت واقع ہوچکی اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں جبکہ ان سانحات میں املاک کو پہنچنے والے نقصان کا مجموعی اندازہ کروڑوں روپے لگایا گیا ہے اسی طرح مسافر گاڑیوں میں نصب گیس سلنڈرز پھٹنے اور آتشزدگی کی صورت میں بھی متعدد افراد جانبحق ہوچکے ہیں، شہری حلقوں نے متعلقہ اعلیٰ حکام سے فوری کاروائی کرنے اور اسکے نیٹ ورک میں شامل دیگر گیس ری فلنگ مراکز کے مالکان کو بھی قانون کے شکنجے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ گیس ری فلنگ کے دوران شہریوں کی زندگیوں کو لاحق خدشات کا تدارک ہوسکے۔

شیخوپورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں