شیخوپورہ ‘قائد اعظم ایپریل پارک کی لیبر کالونی کی اراضی ناجائز قابضین سے واگزار کروا لی گئی

جمعرات 22 اکتوبر 2020 12:28

شیخوپورہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2020ء) سابق دور حکومت میں بننے والے قائد اعظم ایپریل پارک کی لیبر کالونی کی اراضی ناجائز قابضین سے محکمہ مال کے حکام نے پولیس کی مدد سے اسسٹنٹ کمشنر محسن اقبال کی نگرانی میں آپریشن کر کے واگذار کروا لی ہے ذرائع نے بتایا ہے کہ چار سال قبل کئی کھرب کی رقم خرچ کر کے شیخوپورہ کے نزدیک موٹر وے گارمنٹس انڈسٹریل زون (قائد اعظم ایپریل پارک) کے قیام کی خاطر دس دیہات کی اراضی ایکوائر کی گئی تھی جس میں کئی لوگوں کو زرعی فارمز باغات پولٹری فارمز ڈیری فارمز اور فش فارمز کی قیمتوں کی بھی ادائیگیاں کی گئیں اس میں سے 203 ایکڑ اراضی محکمہ لیبر ویلفیئر کو مزدوروں کے لیے رہائشی کالونی بنانے کی خاطر دے دی گئی مگر انڈسٹریل زون کا قیام تاخیر کا شکار ہو جانے کی وجہ سے لیبر کالونی کے لیے مختص کی جانے والی اراضی پر قیمتیں وصول کرنے کے باؤجود زمینداروں نے محکمہ لیبر کے بعض افسروں کی ملی بھگت سے دوبارہ قبضہ کر کے وہاں کاشتکاری شروع کر دی جب گذشتہ روز ان زمینوں کو واگذار کروانے کے لیے ہیوی مشینری کی مدد سے آپریشن شروع کیا گیا تو قابضین نے بتایا کہ گذشتہ چار سال سے محکمہ لیبر کے بعض افسران ان سے 5 ہزار روپے فی ایکڑ کے لحاظ سے بھتہ وصول کر رہے ہیں جن کی آشیر باد سے ہم گندم اور اب دھان کی فصل کاشت کر چکے ہیں اور سبزیاں مسلسل کاشت کر رہے ہیں محکمہ مال کے ذرائع کے مطابق واگذار کروائی جانے والی اراضی پٹوار سرکلز چک سیٹھیاں داؤ کی ملیاں میں شامل تھی جس کی مالیت کا اندازہ ڈیڑھ ارب روپے لگایا گیا ہے اراضی پر ناجائز قابضین نے ڈی سی شیخوپورہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کو محکمہ لیبر کے افسروں سے بھتہ کی رقم واپس دلائی جائے محکمہ لیبر کے حکام نے بھتہ خوری کے الزام کی تصدیق نہ کی ہے

متعلقہ عنوان :

شیخوپورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں