شیخوپورہ‘شہر میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران جیب تراشی کی وارداتوں میں حیران کن اضافہ

جمعرات 22 اکتوبر 2020 12:30

شیخوپورہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2020ء) شہر میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران جیب تراشی کی وارداتوں میں حیران کن اضافہ ہوا ہے محتاط اندازے کے مطابق وارداتوں کی تعداد تقریباً 150 سے زائد بیان کی گئی ہے جن میں بعض کے مقدمات اور رپٹ کا اندراج ہوا ہے جبکہ اکثریتی وارداتوں کی رپورٹس ہی درج نہ ہوسکیں ان وارداتوں میں شہری لاکھوں روپے نقدی، موبائل فونز و دیگر سامان سے محروم ہوچکے ہیں جیب تراشوں کے منظم گروہ شہر کے دونوں اطراف متحرک دکھائی دیئے ہیں، زیادہ تر وارداتیں بازاروں، بس اسٹاپس، منی جلسے جلوسوں اور شاپنگ سنٹرز کے باہر ہوئی ہیں جن میں جناح پارک، سول کوارٹرز روڈ، خادم حسین روڈ، بھکھی روڈ، سرگودھا روڈ، مین بازار و ملحقہ بازاروں سمیت ریلوے روڈ، ریگل چوک، جنڈیالہ روڈ،پرانا شہر، نشتر روڈ، جگارتہ روڈ، گوجرانوالہ روڈ، بتی چوک و دیگر مقامات پر رونما ہوئی ہیں جبکہ پولیس ان بڑھتی وارداتوں پر قابو پانے میں یکسر ناکام ثابت ہوئی ہے، ذرائع کے مطابق جیب تراشوں کے منظم گروہ دوپہر اور شام کے اوقات میں زیادہ منظم دکھائی دیتے ہیں گزشتہ روز بھی انجمن تاجران کی ریلی میں نامعلوم جیب تراشوں نے مقامی صحافی چوہدری مبشر مظہر سمیت تین افراد کی جیبوں پر ہاتھ صاف کئے اور نقدی و موبائل فون نکال کر رفو چکر ہوگئے، شہریوں نے جیب تراشوں کے ان منظم گروہوں کے نیٹ ورک کو پکڑنے کا ڈی پی او شیخوپورہ غلام مبشر میکن سے مطالبہ کیا ہے۔

شیخوپورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں