ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ محمد اصغر جوئیہ کااچانک تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال مریدکے کا دورہ

بدھ 7 اپریل 2021 16:28

شیخوپورہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اپریل2021ء) ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ محمد اصغر جوئیہ نے اچانک تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال مریدکے کا دورہ کیا ۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر اظہارالحاق بھی ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں آئی سی یو ، سی سی یو، ایمر جنسی وارڈ اور ٹراما سنٹر میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور ہسپتال میں ملنے والے علاج معالجہ کی سہولیات کے متعلق دریافت کیا۔

ڈپٹی کمشنر نے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کے حاضری رجسٹر کو بھی چیک کیا اور ڈیوٹی پر مامور عملہ کو ہدایت کی کہ ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں ۔ ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ہسپتال میں آنے والے مریضوں اور ان کے لواحقین کے ساتھ اخلاق سے پیش آئیں اور ہسپتال میں موجود تمام تر طبی سہولیات کی مریضوں کو فراہمی یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر مریدکے کو ہدایت کی کہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا باقاعدگی سے دورہ کریں اور ہسپتال میں آنے والے مریضوں کو بر وقت طبی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنائیں ۔ ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال میں آنے والے مریضوں کو بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی پنجاب حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

شہریوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی میں کسی غفلت کوبرداشت نہیں کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کرونا وائرس کی موجودہ لہر پہلے کی نسبت زیادہ مہلک ثابت ہو رہی ہے ۔کرونا سے محفوظ رہنے کے لئے شہریوں کو حکومت کی مرتب کردہ ایس او پیز پر عمل در آمد یقینی بنانا ہو گا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کرونا کو شکست دینے کے لئے ضروری ہے کہ شہری حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔

متعلقہ عنوان :

شیخوپورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں