نارنگ منڈی‘چار ماہ قبل شوہر کے ہاتھوں قتل ہونے والی بیٹی کا مدعی بوڑھا باپ بھی صلح نہ کرنے کی پاداش میں قتل

بدھ 16 جون 2021 16:49

نارنگ منڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2021ء) چار ماہ قبل شوہر کے ہاتھوں قتل ہونے والی بیٹی کا مدعی بوڑھا باپ بھی ظالموں نے صلح نہ کرنے کی پاداش میں قتل کردیا ۔بتایاگیا ہے کہ کالاخطائی روڈ پر نارنگ ریلوے پھاٹک کے قریب اس وقت پیش آیا جب مقتول ملک محمد انور اپنے گھر محلہ مسلم پارک سے علی الصبح محنت مزدوری کیلئے گجر چوک جارہا تھا کہ موٹر سائیکل سوار سفاک قاتلوں عدنان لقمان اورفرقان نے اپنے دو نامعلوم ساتھیوں کے ہمراہ اندھا دھند فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا اور موٹر سائیکل پر آزادانہ فائرنگ کرتے فرار ہو گئے ۔

مقتول کافی دیر تک خاک و خون میں تڑپتا رہا اورسڑک پر دم توڑ گیا ۔واقعہ کے باعث علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا ۔بتایا جاتا ہے کہ مقتول کی بیٹی نائلہ کی شادی گوجرانوالہ میں ملزمان کے بھائی عبد المنان سے ہوئی جہاں ظالم شوہر نے جائیداد اپنے نام نہ کروانے پر طیش میں آکرگذشہ ماہ مارچ میں بیوی کو ناحق قتل کر دیا ۔

(جاری ہے)

مقتول مقدمہ قتل کا مدعی تھا جبکہ ملزم جیل میں بند تھا اور کیس کی سماعت جاری تھی ملزمان سنگین نتائج کی دھمکیاں دیکر صلح پر مجبور کر رہے تھے او ر انکار پر داماد کے تینوں بھائی جو گوجرانوالہ سے موٹر سائیکل پر آئے اور تعاقب کرتے ہوئے مقتول کو سینکڑوں لوگوں کی موجودگی میں اس وقت قتل کردیا جب وہ محنت مزدوری کیلئے پیدل گجرچوک جا رہاتھا ۔

نارنگ منڈی پولیس نے مقتول کی بیوہ کی مدعیت میں تین بھائیوں عدنان لقمان اورفرقان سمیت پانچ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے ۔ملزمان قتل کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔واضح رہے کہ ضعیف باپ گھر کا واحد سہارا تھا غربت و تنگدستی کے باوجود کیس کی پیروی کر رہا تھا اور اپنی بیٹی کے قاتلوں کو انجام تک پہنچانے کیلئے عدالتوں کے چکر لگاتا ہوا انصاف کیلئے اللہ کی عدالت میں پہنچ گیا ۔

شیخوپورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں