شیخوپورہ،عشرہ شانِ رحمت اللعالمین ﷺکے سلسلے میں تقریبات مذہبی جوش وجذبے کیساتھ جاری

ہفتہ 16 اکتوبر 2021 16:58

شیخوپورہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2021ء) وزیراعظم پاکستان عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایات پر  پورے ملک کی طرح شیخوپورہ میں بھی عشرہ شانِ رحمت اللعالمین ﷺکے سلسلے میں تقریبات مذہبی جوش وجذبے کیساتھ جاری ہیں۔ عشرہ شان رحمت اللعالمینؐ  کے سلسلہ میں شیخوپورہ آرٹس کونسل کے زیر اہتمام  تحصیل کونسل ہال شیخوپورہ میں سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا اہتمام کیا گیا۔

تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر قدرتی آفات میاں خالد محمود تھے۔ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ رانا شکیل اسلم ، اڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر احسان الحق ، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر فیصل جاوید ، ڈپٹی ڈائریکٹر شیخوپورہ آرٹس کونسل محمد یوسف ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر شیخوپورہ آرٹس کونسل عمران رضا ، سی او تحصیل کونسل ملک محمد منشاء ، تمام مکاتیب فکر کے نمائندہ علمائے کرام و مشائخ ، نامور نعت خواں حضرات اور تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے نمائندہ افراد نے کانفرنس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

ضلع کے جید علمائے کرام نے سیرت طیبہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بیان کر کے سامعین کے اذہان و قلوب کو منور کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر قدرتی آفات میاں خالد محمود نے کہا کہ ماہ ربیع الاول میں عشرہ شانِ رحمت اللعالمین ؐسرکاری سطح پر منانا حکومت کا احسن اقدام ہے۔ نبی کریم ﷺ کی اسوہ حسنہ بنی نوع انسان کیلئے مشعل راہ ہے۔ رحمت اللعالمین ؐ کے درس انسانیت پر عمل پیرا ہو کر دنیا اور آخرت میں کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صبر و تحمل ، برداشت رواداری اور احترام انسانیت اسلامی معاشرے کا طرہ امتیاز ہے، تمام مسلمان سیرت النبی ﷺ پر عمل پیرا ہو کر ہی اپنی زندگیوں کو سنوار سکتے ہیں۔ آقائے دو جہاں حضرت محمد ﷺ کے راہنما اصول امانت اور صداقت ہمارے لئے مشعل راہ اور راہ نجات ہیں۔ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ رانا شکیل اسلم نے حاضرین محفل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضورؐ تمام جہانوں کے لئے رحمت اللعالمینؐ ہیں۔ آپ کی سیرت طیبہ رہتی دنیا تک کےتمام انسانوں کے لئے رہنمائی اور مشعل راہ ہے۔ تقریب کے آخر میں ملکی سلامتی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔

شیخوپورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں