کمشنر لاہور ڈویژن لاہور ڈاکٹر مجتبیٰ پراچہ کا ضلع شیخوپورہ کا دورہ

عام انتخابات ،ممکنہ سیلاب اور ڈینگی کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کی تیاریوں کا جائزہ لیا

منگل 17 جولائی 2018 17:36

شیخوپورہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2018ء) کمشنر لاہور ڈویژن لاہور ڈاکٹر مجتبیٰ پراچہ نے گزشتہ روزضلع شیخوپورہ کا دورہ کیا اور عام انتخابات 2018، ممکنہ بارشوں سے پیدا ہونے والی سیلاب کی صورتحال اور ڈینگی سے بچائو کے لیے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ بعد ازاں کمشنر لاہور نے کھاریانوالہ ہیلتھ سنٹر میں قائم کیے گئے پولنگ اسٹیشن کا دورہ کیا اور ووٹرز کے لیے مہیا کی جانے والی بنیادی سہولیات اور سیکیورٹی اقدامات کا معائنہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق کمشنر لاہور ڈویژن لاہور ڈاکٹر مجتبیٰ پراچہ نے گزشتہ روز ضلع شیخوپورہ کا دورہ کیا۔ انہوں نے جنرل الیکشنز 2018 ، ممکنہ سیلاب اور ڈینگی سے بچائو کے انتظامات کے حوالے سے ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں منعقدہ میٹنگ کی صدارت کی۔

(جاری ہے)

میٹنگ میں ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ اظہر حیات، آر پی او شیخوپورہ رینج سہیل تاجک، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر صاحبان، تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور ضلعی اداروں کے سربراہان نے بھی شرکت کی۔

میٹنگ کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ نے بتایا کہ الیکشن کمیشن اور حکومت پاکستان کی ہدایات کی روشنی میں غیر جانبداری کا خاص خیال رکھا جا رہا ہے اور ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو ہر ممکن طور پر یقینی بنایا جا رہا ہے۔ اے ڈی سی (آر) نے اس موقع پر میٹنگ کے شرکاء کو پولنگ اسٹیشنز پر مہیا کی جانے والی بنیادی سہولیات اور سیکیورٹی کے انتظامات کے حوالے سے بتاتے ہوئے کہا کہ تمام پولنگ اسٹیشنزپر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب اور غیر موجود بنیادی سہولیات کی فراہمی کا کام اپنے آخری مراحل میں ہے، خواتین ووٹرز اور پولنگ سٹاف کی سہولت کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، الیکشن کے سامان کی بحفاظت ترسیل اورپولنگ اسٹیشنز کی سیکیورٹی کے لیے پاک فوج اور پولیس کی مدد سے جامع سیکیورٹی پلان ترتیب دے دیا گیا ہے۔

انہوں نے الیکشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر کی جانیوالی کاروائیوں کے بارے میں بھی شرکاء کو آگاہ کیا۔بارشوں اور ممکنہ سیلاب کی صورتحال کے حوالے سے سی ای او (ہیلتھ)نے میٹنگ کے شرکاء کو اسپتال ایمرجنسی پلان ،اور ڈاکٹروں اورنرسنگ اسٹاف کی ڈیوٹیوں کے بارے میں بتایا۔ ڈسٹرکٹ انچارج 1122 نے سیلاب یا کسی بھی ناگہانی حالات کی صورت میں1122 کی تیاریوں اور ایمبولینسوں کی دستیابی کا بتایا۔

ڈینگی کے حوالے سے کمشنر لاہور کو بتایا گیا کہ مانیٹرنگ ٹیموں کو ریفریشر کورسز کروائے جا رہے ہیں، عوام الناس میں ڈینگی سے متعلق آگاہی پھیلائی جا رہی ہے اور روزانہ کی بنیادوں پر کاروائیاں کی جا رہی ہیں۔ اس سلسلے میں تحصیل لیول پر جامع پلان موجود ہے جس پر عمل کے نتیجے میں امسال ضلع شیخوپورہ میں ڈینگی کا ایک بھی کیس رپورٹ نہ ہوا ہے۔

ڈینگی سے بچائو کی مہم کے سلسلے میں ابھی تک 14 جگہوں کو ڈینگی لاروا کی موجودگی کی وجہ سے سربمہر کیا گیا ہے اور لاپرواہی برتنے پر ایف آئی آرز بھی درج کی جا رہی ہیں۔پولیس حکام نے کمشنر لاہور کو بتایا کہ الیکشن کو محفوظ بنانے کے لیے ہر ممکن اقدمات کیے جا رہے ہیں اور خفیہ اداروں کی رپورٹس کے مطابق ضلع شیخوپورہ میں تاحال کوئی خطرہ موجود نہیں ہے۔

بعد ازاں کمشنر لاہور ڈویژن لاہور نے دیہی مرکز صحت کھاریانوالہ میں قائم کیے گئے پولنگ اسٹیشن کا دورہ کیااور تمام سہولیات کا جائزہ لیا۔کمشنر لاہور ڈویژن نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ صاف شفاف الیکشن کا انعقاد ہم سب کا قومی فریضہ ہے۔ انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو بھرپور طریقے سے نبھائیں ۔

شیخوپورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں