شیخوپورہ میں الیکشن کے موقعہ پر امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے حفاظتی انتظامات مکمل

چار ہزار سے زائد پولیس آفسران و جوان ، پاک فوج کے دستے بھی اپنے فرائض انجام دیں گے، ڈی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل کی تمام افسران و ملازمان کو مکمل بریفننگ دی

پیر 23 جولائی 2018 23:24

شیخوپورہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جولائی2018ء) شیخوپورہ میں عام الیکشن کے موقعہ پر امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے حفاظتی انتظامات مکمل، ڈی پی او شیخوپورہ ڈاکٹر سردار غیاث گل نے تمام افسران و ملازمان کو مکمل بریفننگ دی۔اس سلسلے میں مکمل جامع سیکورٹی پلان مرتب کر لیا گیا ہے۔اس سلسلہ میں چار ہزار سے زائد پولیس آفسران و جوان فرائض انجام دینگے۔

جبکہ پاک فوج کے دستے بھی الیکشن کے سلسلہ میں اپنے فرائض انجام دیں گے۔ اس کے علاوہ 6000 سے زا?د سپیشل پولیس فور س کے اہلکار بھی پولیس کے شانہ بشانہ اپنے فرائض سرانجام دینگے ۔جن میں Aکیٹیکری کے 127، B کیٹیکری 298 اور C کیٹیکری کے 850 اور ٹوٹل 1275 پولنگ ا سٹیشنز جو ضلعی پولیس کے دائرہ اختیار میں ہیں وہاں پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

مزید خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شفاف، غیر جانبدارانہ انتخابات، عوام کی جان و مال کا تحفظ اور امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنا اولین ترجیح ہے۔شرپسندوں ،تخریب کاروں اور دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنائیں گے۔ڈی پی او نے کہا کہ پولنگ کے روز اسلحہ اٹھانے ،اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ پر سخت پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ نعرہ بازی ،ہلڑبازی اور لاؤد سپیکر کے استعمال پر سخت پابندی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال خراب کرنے والے عناصر کے خلاف سختی سے نمٹا جائیگا۔ پولنگ کے روزپولنگ اسٹیشنز کی حدود کے چار سو گز کے اندر کسی قسم کی سیاسی سرگرمی ممنوع ہوگی۔جبکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر فوری قانونی کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ تمام ووٹرز کو جسمانی تلاشی کے بعد پولنگ اسٹیشنز کے اندر داخل ہونے دیا جائیگا۔

جبکہ ووٹرز کے علاوہ دیگر اشخاص کی پولنگ اسٹیشن میں داخل ہونے پر پابندی ہے ،خلاف ورزی کرنے پر سخت کاروائی ہوگی۔ عوام الناس کو مکمل آزادانہ طور پر حق رائے دہی استعمال کرنے کا حق حاصل ہے اس سلسلہ میں ووٹرز کو حراساں کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائیگی انہوں نے کہا کہ ملک دشمن اور جرائم پیشہ عناصر کے مذموم عزائم ناکام بنائیں گے۔

امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیئے تمام تر وسائل بروئے کار لارہے ہیں لہذاتمام امیدواران اور سیاسی کارکنان الیکشن کمیشن آف پاکستان کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔ الیکشن کے سلسلہ میں ضلعی پولیس کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے جہاں الیکشن کی لمحہ بہ لمحہ صورتحال کی مانیٹرنگ کی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کے روزپاک فوج ،ایلیٹ فورس،محافظ اسکواڈ، ٹریفک پولیس، پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس،سپیشل برانچ اور ریزرو پولیس کے علاوہ قانون نافذ کرنے والے دیگر ادارے اپنے فرائض انجام دیں گے جبکہ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر خفیہ حالات جاننے اور مشتبہ افراد پر کڑی نظر رکھنے کے لیئے سول پارچات میں ملبوس اہلکار تعینات کر دیئے گئے ہیں۔

ڈیوٹی میں غفلت اور کوتاہی کسی بھی صورت برداشت نہ کی جائے گی۔ سخت سے سخت محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

شیخوپورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں