ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ نے قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے کے لیے اجازت لینا لازم قرار دے دیا

صرف رجسٹرڈ خیراتی ادارے، تنظیمیںاور مدارس ہی این او سی کیلئے درخواست دینے کے مجاز ہونگے‘اظہر حیات

بدھ 8 اگست 2018 15:32

شیخوپورہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2018ء) عیدالاضحی کے موقع پر قربانی کی کھالیں جمع کرنے کے لیے ڈپٹی کمشنر سے اجازت لینا لازمی ہو گا،صرف رجسٹرڈ خیراتی ادارے،فلاحی تنظیمیں اور مدارس ہی این او سی کے لیے درخواست دینے کے اہل ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ اظہر حیات نے ہوم ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کی روشنی میں تمام ضلعی اداروں کے سربراہان کو جاری کیے گئے ایک مراسلے میں کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈیلرز اور ٹینریز مالکان کھالیں خرید کر بذریعہ بنک ادائیگی کرنے کے پابند ہونگے۔ بغیر این او سی قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے والوں اور ان سے کھالیں خریدنے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

(جاری ہے)

ہوم ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جاری کیے گئے نوٹیفیکیشن کے مطابق ایسے تمام رجسٹرڈ فلاحی ادارے، تنظیمیں، مساجد اور مدارس کی انتظامیہ جو عیدالاضحی کے موقع پرقربانی کی کھالیں اکٹھی کرنا چاہتے ہوں انہیں ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ فوری طور پراپنے رجسٹریشن سرٹیفیکیٹ، گزشتہ سال کے این او سی کی کا پی اور بیان حلفی کے ہمراہ اپنی درخواست مورخہ 16 جولائی تک ڈپٹی کمشنر آفس میں جمع کروائیں ۔

ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ کی سربراہی میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسراور دیگر سیکیورٹی اداروں کے افسران پر کمیٹی ان درخواستوں پر تین دن کے اندرفیصلہ کرے گی۔ درخواست مسترد ہونے کی صورت میں نظر ثانی کی درخواست بھی ڈپٹی کمشنرکے روبرو دائر کی جا سکتی ہے جس پر دو دن میں فیصلہ کیا جائے گا۔ نظر ثانی کی درخواست بھی مسترد کیے جانے کی صورت میں ڈویژنل کمشنر آفس سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

این او سی کا حامل کوئی بھی ادارہ یا تنظیم گھر گھر جا کر کھالیں اکٹھی نہیں کر سکیں گی بلکہ اسے مخصوص کولیکشن پوائنٹ پر ہی کھالیں اکٹھی کرنا ہونگی اور کھالیں اکٹھی کرنے کا پلان بھی دینا ہو گا۔ کوئی بھی کالعدم تنظیم نام بدل کرکھالیں اکٹھی کرنے کی مجاز نہیں ہو گی اور نہ ہی بغیر این او سی کے کسی کوکھا ل اکٹھی کرنے دی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس مخصوص کولیکشن پوائنٹس کی ویڈیوبھی بنائے گی۔

ریونیو ڈیپارٹمنٹ، پولیس اور دیگر محکموں کے افسران پر مشتمل مانیٹرنگ کمیٹیاںمندرجہ بالا احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیںگی۔ ڈی سی شیخوپورہ نے مزید کہا کہ ہوم ڈیپارٹمنٹ کے احکامات کے مطابق کھالیں خریدنے والے ڈیلرز اور ٹینریز مالکان کھالوں کی خریدوفروخت کا مکمل ریکارڈ رکھنے کے پابند ہونگے۔

شیخوپورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں