عوام کی فلاح و بہبود کے بغیر مثالی گورننس کا خواب پورا نہیں ہو سکتا‘اظہر حیات

عوام کا اداروں پر اعتماد بحال کرنے کے لیے سخت محنت کرنا ہو گی‘ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ

جمعرات 9 اگست 2018 18:22

شیخوپورہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اگست2018ء) عوام کا سرکاری اداروں پر اعتماد بحال کرنے کے لیے افسران کو عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہونگے، عوام کی فلاح و بہبود کے بغیر مثالی گورننس کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ نے ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہونے والی پہلی اسسٹنٹ کمشنرز کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

کانفرنس میں ضلع شیخوپورہ کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنر صاحبان، تمام سب رجسٹرارز اور ضلعی اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ نے ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے تمام اداروں کوواضح ہدایات جاری کیں ۔ انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنر صاحبان کو کہا کہ وہ اپنی متعلقہ تحصیلوں میں دفاتر کے دورے کریں اور سائلین کوبنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں ۔

(جاری ہے)

تمام اے سی حضرات ہفتہ میں ایک دن کھلی کچہری کا اہتمام کریں اور عوام کی شکایات کے فوری حل کی لیے کیے جانے والے اقدامات کی ہفتہ وار رپورٹ ڈی سی آفس میں جمع کروائیں۔ تمام ضلعی دفاتر میں ڈسپلن کی پابندی کو یقینی بنایا جائے۔ رشوت ستانی کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے اور اس گھنائونے کام میں ملوث افسران و ملازمین سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔

انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں ایک انٹی کرپشن سیل بھی ڈی سی آفس میں قائم کیا جا رہا ہے جس کی نگرانی اے ڈی سی (جی) کریں گے۔ چودہ اگست کی تیاریوں کے حوالے سے ہدایات دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امسال جشنِ آزادی کے موقع پر محکمہ جنگلات کے تعاون سے سرکاری دفاتر میں خصوصاًً اور ضلع بھر میں عموماًً زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیںاور عوام میں شجر کاری کا جذبہ پیدا کیا جائے۔

محکمہ تعلیم اور سپورٹس کو ہدایات دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ سکولوں میں کھیلوں ، تقریری و ملی نغموں کے مقابلہ جات منعقد کروائیںجس کے لیے فنڈز متعلقہ میونسپل کمیٹی فراہم کرے گی۔ قومی پرچم کی حرمت کا خیال کرتے ہوئے سبز رنگ کا ایک شیڈ مخصوص کیا جائے اور اس سلسلے میں پرنٹنگ پریس کے نمائندوں کو اعتماد میں لیا جائے تا کہ اسی شیڈ کے جھنڈے اور جھنڈیاں تیار کی جا سکیں۔ پاک فوج اور پولیس کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے سرکاری ادارے مختلف فلاحی اداروں اور مخیر حضرات کے تعاون سے پروگرامز مرتب کریں اور شہداء کے لواحقین اور ورثاء سے اظہارِ یکجہتی کیا جائے۔ انہوں نے سول ڈیفنس آفیسر کو یومِ آزادی پر آتش بازی کے مظاہرے کی ذمہ داری بھی سونپی۔

متعلقہ عنوان :

شیخوپورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں