شیخوپورہ،یومِ آزادی روایتی جوش و جذبے سے منایا جا ئیگا‘ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ اظہر حیات

جمعہ 10 اگست 2018 16:30

شیخوپورہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اگست2018ء) جشن آزادی کو بھرپور طریقے سے منانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ اظہر حیات نے کی۔ اجلاس کے دیگر شرکاء میں اے ڈی سی (آر)، تمام اسسٹنٹ کمشنر صاحبان اور تمام ضلعی اداروں کے سربراہان شامل تھے۔

اجلاس کے شرکاء کو بتایا گیا کہ یومِ آزادی کے حوالے سے تقریبات کا آغاز تحصیلوں کی سطح پر 4 اگست سے شروع ہو چکا ہے جسمیں کھیلوںکے مقابلے، نعتیہ مقابلے، ملی نغمے ، کوئز پروگرامزاور شجر کاری مہم شامل ہیں۔ تحصیل لیول کے مقابلوں کااختتام چودہ اگست کے دن ضلعی سطح پر ہونے والے مینتقریب کی صورت میں ہو گا جس کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ ہونگے۔

(جاری ہے)

اس خصوصی تقریب میں تلاوتِ کلام پاک، سلامی، نعتِ رسولِ مقبول، پرچم کشائی، وطنِ عزیز کی سلامتی کے لیے دعائیں اور پاک فوج اور پولیس کے شہداء سے اظہارِ یکجہتی شامل ہیں۔ مزید برآں تحصیل لیول کے مختلف مقابلوں میں فاتح قرار پانے والے طلباء و طالبات بھی اس تقریب میں پرفارم کریں گے۔ ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ نے یہ بھی ہدایت کی کہ ضلعی سطح پر اقلیتوں اور معذور بچوں کو بھی تقریبات کا حصہ بنایا جائے تا کہ ان کی حوصلہ افزائی ہو ۔

انہوں نے مزید کہا کہ جشنِ آزادی کی تقریبات میں فیمیلیز کے لیے بھی پروگرامز ترتیب دیئے جائیں تا کہ خواتین اور بچے بھی جشنِ آزادی کی خوشیوں میں شریک ہو سکیں۔ ڈی پی او شیخوپورہ سردار غیاث گل نے یومِ آزادی کو ہر طرح سے محفوظ بنانے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے بتایا کہ ون ویلنگ کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ شجر کاری مہم کے حوالے سے اجلاس کے شرکاء کو بتایا گیا کہ محکمہ تعلیم اب تک 50000 پودے لگا چکا ہے اور اس پر مزید کام جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ نے جشنِ آزادی کی ضلعی تقریب کی لیے مناسب جگہ کے انتخاب کی ذمہ داری اے ڈی سی (آر) اور اے ڈی سی (ایف انیڈ پی)کو سونپی تاکہ تقریب کی تیاریوں کو حتمی شکل دی جا سکے۔

متعلقہ عنوان :

شیخوپورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں