دو درجن سے زائد نوجوانوں نے فیض احمد فیض ایکسپریس کوزبردستی ایک گھنٹے تک نارنگ منڈی ریلوے اسٹیشن پر روکے رکھا

چلتی ٹرین میں دونوجوانوں کا جھگڑا ہو گیا ،ٹرین کے نارنگ منڈی پہنچنے پر ایک نوجوان کے ساتھی پہنچ گئے ،مخالف کو مار مار کر لہو لہان کر دیا

بدھ 20 مارچ 2019 00:12

نارنگ منڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2019ء) دو درجن سے زائد نوجوانوں نے لاہور سے نارووال جانے والی فیض احمد فیض ایکسپریس کو زبردستی ایک گھنٹے تک نارنگ منڈی ریلوے اسٹیشن پر روکے رکھا ،ریلوے پولیس موقع سے غائب ہو گئی تاہم ایک گھنٹہ بعد نارنگ منڈی پولیس نے موقع پر پہنچ کر حالات پر قابو پایا ۔بتایا گیا ہے کہ فیض احمد فیض ایکسپریس میں سفر کرنے والے دو نوجوانوںکے درمیان معمولی بات پر تصادم نے شدت اختیار کر لیاور چلتی ٹرین میں ہاتھا پائی اور گالم گلوچ کرتے رہے جس کے باعث مسافروں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ۔

بعد ازاں ایک نوجوان نے فون پراپنے ساتھیوںکوصورتحال سے آگاہ کیاجب ٹرین نارنگ منڈی رکی تواس کے دو درجن سے زائد ساتھی نارنگ منڈی ریلوے اسٹیشن پہنچ گئے اورمذکورہ نوجوان کو تلاش کرکے بد ترین تشددکانشانہ بنایاکہ وہ خون میںلت پت بیہوش ہوکرپلیٹ فارم پرگرپڑا ۔

(جاری ہے)

ڈرائیور نے ٹرین چلانے کی کوشش کی تو مسلح نوجوانوں نے ٹرین کے ویکیوم پائپ اتاردیئے اور ڈرائیور کو جان سے مار دینے کی دھمکیاں دے کر ٹرین کو تقریباً ایک گھنٹے تک روکے رکھا ۔ زخمی نوجوان کی شناخت فیصل محمود کے نام سے ہوئی ہے جو بدو ملہی کا رہائشی ہے جسے ریسکیو 1122نے فوری طور پر ہسپتال پہنچایا جہاں اس کی حالت نازک بیان کی جارہی ہے ۔

شیخوپورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں