پی ڈی ایم کا لاہور جلسہ تاریخ ساز ہوگا ، رانا تنویر حسین

حکمرانوں کا مزید برسر اقتدار رہنا ممکن نہیں، لوگ مہنگائی کے سبب پیٹ کاٹ کر جینے پر مجبور ہیں،ہر طرف پسماندگی، وقت آگیاہے کہ عوام اپنے حق کی خاطراٹھ کھڑے ہوں ورنہ بہت دیرہوجائے گی، چیئرمین پی اے سی میاں نوازشریف کوسیاست سے الگ کرنے اورعمران خان ٹولے کولانے کے لئے ذاتیات کی سیاست کی گئی ، پی ٹی آئی کابہت جلددھڑن تختہ ہوگا، میڈیا سے گفتگو

جمعرات 3 دسمبر 2020 22:31

شیخوپورہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 دسمبر2020ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے مرکزی سینئر رہنما و چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی رانا تنویر حسین ایم این اے نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے عوامی پذیرائی سے محروم ہونے کا دعویٰ کرنے والے آج منہ چھپاتے پھر رہے ہیں پی ڈی ایم کا لاہور کا جلسہ تاریخ ساز ہوگا جس کے بعد حکمرانوں کا مزید برسر اقتدار رہنا ممکن نہیں رہے گا، لوگ مہنگائی کے سبب پیٹ کاٹ کر جینے پر مجبور ہیں،ہر طرف پسماندگی، مایوسی اور ناامیدی کے سائے چھائے ہوئے ہیں اور ملک گھمبیر صورتحال سے دوچار کر دیا گیا ہے، وقت آگیاہے کہ عوام اپنے حق کی خاطراٹھ کھڑے ہوں ورنہ بہت دیرہوجائے گی، میاں نوازشریف کوسیاست سے الگ کرنے اورعمران خان ٹولے کولانے کے لئے ذاتیات کی سیاست کی گئی اس کے باوجود میاں نواز شریف کوعوام کے دلوں سے نہیں نکالاجاسکا،ملک میں آج بھی ان کاووٹ بنک موجودہے پی ٹی آئی کابہت جلددھڑن تختہ ہوگا، تبدیلی اور نئے پاکستان کے نام پرقوم کودھوکہ دیاگیاایسے حالات میں ملک اورعوام میں بہتری کی کوئی امید نہیں،انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے مہنگائی کم کرنے کے دعوے بھی حسب روایت جھوٹ اوریوٹرنزکے مترادف ہیں جس سطح تک مہنگائی پہنچ گئی ہے اب عمران خان عوامی حمایت کے لئے ریلیف کااعلان کررہے ہیں اس کے باوجود تکلیف برقرارہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے فارم ہاؤس پرسابق چیئرمین ضلع کونسل انجینئر احمد عتیق انور، ارکان صوبائی اسمبلی پیر سید اشرف رسول، میاں عبدالرؤف اور سابق ایم پی اے چوہدری حسان ریاض کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، رانا تنویر حسین ایم این اے نے کہا کہ موجودہ حکومت سیاسی انتقامی کاروائیوں کی بدترین مثال رقم کررہی ہے اپوزیشن جماعتوں کی قیادت نے حکمرانوں کا اصل چہرہ عوام کے سامنے بے نقاب کردیا ہے، دوسروں کو کرپٹ کرپٹ کہنے والے موجودہ سلیکٹیڈ حکمرانوں کا اپنا دامن کرپشن سے داغدار ہے جس سے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کا میڈیا ٹرائل کیا جارہا ہے، انہوں نے کہا کہ حکمرانوں سے خیر کی کوئی توقع نہیں کی جاسکتی، ملک کا بیڑہ غرق کرنے والے نااہل حکمران میاں محمد نواز شریف کی صحت پر آج بھی سیاست کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا لوڈشیڈنگ جیسے اہم بحران سے نجات دلا کر ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا، ملکی معیشت اور دفاع کو نہ صرف مضبوط کیا بلکہ ضرب عضب ایکشن پلان سے دہشت گردوں کا قلع قمع کر کے پاکستان کو حقیقی معنوں میں امن کا گہوارہ بنایا آج میاں محمد نواز شریف انہی کارناموں کی سزا بھگت رہے ہیں، مسلم لیگ (ن) کا مستقبل روشن ہے عنقریب عوام کٹھ پتلی حکومت سے چھٹکارا حاصل کریں گے، انہوں نے کہا کہ مہنگائی کا خاتمہ حکومت کے لئے ایک بڑا چیلنج بن گیا ہے حکومت نے معیشت کی بنیادوں کو تباہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، حکمرانوں نے اسمبلیوں میں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہیں غیر فعال کیا اور اب جمہوری عمل کو سبوتاڑ کرنے کی خاطر ایڑھی چوٹی کا زور لگا رہے ہیں جس کے نتائج بھیانک برآمد ہوں گے، انہوں نے کہا کہ حکمران انتقامی سیاست کی بجائے عوامی مسائل پر توجہ دیتے تو عوام کی یوں حالت ابتر نہ ہوتی، ملکی تاریخ میں آج تک اتنی مہنگائی نہیں ہوئی جتنی عمران خان کی حکومت کے دور میں ہو رہی ہے، انہوں نے کہا کہ ناتجربہ کاراورصلاحیت سے محروم وزیراعظم کی قوم کوضرورت نہیں معاشی حالات اورحکومتی کردارسے ثابت ہوگیا ہے کہ پی ٹی آئی صرف سیاسی انتقام کے لئے اقتدارمیں آئی ہے معاشی انتظام سے ان کی کوئی دلچسپی نہیں، انہوں نے کہاکہ نااہل حکمران عوام کو مہنگائی میں ریلیف نہیں دے سکے قوم نے دیکھ لیا کہ گالیاں دینے سے ملک، صنعت، کاروبار، روزگار اور گھر نہیں چلتے ملک چلانے کیلئے اہلیت اور ویڑن کی ضرورت ہوتی ہے جو موجودہ حکمرانوں کے پاس موجود نہیں اور آئندہ بھی ان سے خیر کی کوئی توقع نہیں کی جاسکتی درپیش مسائل کا واحد حل نئے انتخابات ہیں جن کا فی الفور انعقاد ناگزیر ہے۔

شیخوپورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں