براڈ شیٹ اہم معاملہ ہے ،شفاف تحقیقات چاہتے ہیں ،تماشہ نہ لگایا جائے،رانا تنویرحسین

کمیٹی سربراہ کی تعیناتی سے حکومت کی بددیانتی سامنے آچکی ہے براڈ شیٹ معاملے سے متعلق (ن )لیگ کی پالیسی واضح ہے، حکمران ایک بار پھر راہ فرار کے چکر میں ہیں جن کے نام شامل ہیں انہیں کمیٹی میں بلایا جائے،چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی

جمعہ 22 جنوری 2021 19:07

شیخوپورہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2021ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سینئر رہنما و چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی رانا تنویر حسین ایم این اے نے کہا ہے کہ براڈ شیٹ انتہائی اہم معاملہ ہے جس پر شفاف تحقیقات چاہتے ہیں اس پر تماشہ نہ لگایا جائے،کمیٹی سربراہ کی تعیناتی سے حکومت کی بددیانتی سامنے آچکی ہے براڈ شیٹ معاملے سے متعلق ن لیگ کی پالیسی واضح ہے، حکمران ایک بار پھر راہ فرار کے چکر میں ہیں، جن کے نام شامل ہیں انہیں کمیٹی میں بلایا جائے، حکومت نے اپنی مرضی سے ایک الگ کمیٹی بنا ئی جس کے بعد نواز لیگ نے براڈ شیٹ پر تحقیقاتی کمیٹی کی تشکیل مسترد کردی ہے، حکومت کی طرف سے براڈ شیٹ معاملے کی تحقیقات آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے، شیخ عظمت سعید کو سربراہ بنانے کا مقصد ملبہ اپوزیشن اور سابقہ حکومتوں پر گرانا ہے، عمران نیازی ہمت کر کے قوم کو حقائق بتائیں کہ آپ کو این آر او چاہئے، سابق ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سے ہی تحقیقات کرانا براڈ شیٹ سے بڑا فراڈ ہے، جسٹس (ر) عظمت سعید شوکت خانم ہسپتال کے بورڈ آف گورنرز کے رکن ہیں، عمران نیازی نے ثابت کر دیا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کے نیچے کوئی بھی شفاف، آزادانہ اور منصفانہ تحقیقات نہیں ہو سکتی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے رانا فارم ہاؤس پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ارکان اسمبلی پیر سید اشرف رسول، میاں عبدالرؤف،چوہدری محمود الحق، سابق چیئرمین ضلع کونسل انجینئر احمد عتیق انوراور میڈیا کوآرڈینیٹر ندیم گورائیہ و دیگر موجود تھے، رانا تنویر حسین ایم این اے نے کہا کہ شیخ عظمت سعیدکی براڈ شیڈ تحقیقات کیلئے نامزدگی عمران نیازی اور حواریوں کی بدنیتی ہے، نیب بطور ادارہ براڈ شیٹ سے پاکستان کو پہنچنے والے نقصانات کا ملزم ہے، یہ معاہدہ ہی پاکستانی عوام کو پہنچنے والے 10 ارب روپے کے نقصان کی وجہ بنے، قوم اپنی کمائی لوٹنے اور لٹانے والوں کا احتساب چاہتی ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت احتساب کے ادارے کے کچھ اختیارات کو کم کرنے کیلئے نیب قوانین میں مجوزہ تبدیلیاں لاتی ہے تو متحدہ اپوزیشن اپنا موقف واضح طور پر پیش کرے گی، ملک بھر میں لوگ نیب کی زیادتیوں پر رو رہے ہیں، سیاسی انتقام کو احتساب کا نام دیا گیا ہے نواز لیگ کے جتنے قائدین گرفتار ہیں کسی ایک پر بھی ایک پائی کی کرپشن آج تک ثابت نہیں ہوئی، نہ تو حکومت مناسب طریقے سے کام کر رہی ہے اور نہ ہی نجی شعبہ نیب کے اقدامات کی وجہ سے کارکردگی دکھانے کے قابل ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت نیب قوانین میں بھی تبدیلی لانے پر راضی ہے کیونکہ اس نے گزشتہ سال نیب ترمیمی آرڈیننس پیش کیا تھا جو بعد میں ختم ہو گیا، انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی ملک اور عوام بچاؤ تحریک کی دن بددن بڑھتی ہوئی عوامی مقبولیت نے حکومتی ایوانوں میں مسلسل کھلبلی مچا رکھی ہے عمران خان نے سیاست کو نفرت، انتقام اور گالی بنا دیا ہے، انہوں نے کہا کہ نواز لیگ آج بھی ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے جو عوامی خدمت کی روشن تاریخ رکھتی ہے وہ وقت دور نہیں جب نواز لیگ دوبارہ برسر اقتدار آکر عوامی خدمت کی ایک بار پھر تاریخ رقم کرے گی۔

شیخوپورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں