حکومتی پارٹی میں دراڑیں مکافات عمل ہے حکومت کو اپوزیشن سے زیادہ اپنی پارٹی سے خطرات پیدا ہوگئے ہیں ،رانا تنویر حسین

جہانگیر ترین کا بیان حکومت کے خلاف چارج شیٹ ہے، غیر ملکی قرضوں کو اتارنے کے دعویدار اب عوام کے سامنے اپنی بے بسی کا اظہار کررہے ہیں، چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی

جمعہ 9 اپریل 2021 20:21

شیخوپورہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2021ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سینئر رہنما و چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی رانا تنویر حسین ایم این اے نے کہا ہے کہ حکومتی پارٹی میں دراڑیں مکافات عمل ہے حکومت کو اپوزیشن سے زیادہ اپنی پارٹی سے خطرات پیدا ہوگئے ہیں جہانگیر ترین کا بیان حکومت کے خلاف چارج شیٹ ہے، غیر ملکی قرضوں کو اتارنے کے دعوے دار اب عوام کے سامنے اپنی بے بسی کا اظہار کررہے ہیں، آمدن بڑھانے کیلئے جس طرح حکومت اقدامات اٹھا رہی ہے اس کا سارا بوجھ عام آدمی پر پڑ رہا ہے، اپوزیشن کی جدوجہد حکومت گرانے کی نہیں بلکہ ملک بچانے کی ہے، اقتدار کے ایوانوں پر نااہل و نالائق لوگ براجمان ہیں جس کی وجہ سے ملک اور قوم کا نقصان ہورہا ہے، ریاست مدینہ کا نعرہ لگانے والوں نے پاکستان کا حلیہ بگاڑ کر رکھ دیا ہے، احتساب ذاتی پسند نا پسند کی بنیاد پر ہونے سے اس نعرے کا پول کھل کر عوام کے سامنے آچکا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق ممبر ضلع کونسل حاجی طارق محمود ڈوگر کی رہائشگاہ پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ارکان اسمبلی پیر سید اشرف رسول، میاں عبدالرؤف، چیئرمین ضلع کونسل رانا احمد عتیق انور، میڈیا کوآرڈینیٹر محمد ندیم گورائیہ اور حافظ عبدالرزاق و دیگر موجود تھے، رانا تنویر حسین ایم این اے نے ان خبروں کی تردید کی کہ جہانگیر ترین نواز لیگ سے رابطو ں میں ہے نواز لیگ نے سازشی سیاست کبھی نہیں کیا نہ ہی اس کا ارادہ رکھتی ہے ہمارا اختلاف وزیر اعظم کی ذات سے نہیں بلکہ پالیسیوں سے ہے جو ملک و قوم کے مفاد میں نہ ہیں، انہوں نے کہا کہ اسوقت ملک جن حالات سے دوچار ہے اسکی ذمہ دار اپوزیشن نہیں بلکہ خود حکومت ہے جس کی اپنی نالائقی او ر نااہلی کی وجہ سے حکومت اور مملکت کے امور چلائے نہیں جارہے، کشکول توڑنے کے دعوے داروں نے پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے کشکول اٹھا رہے ہیں مگر اسکے باوجود ملکی معیشت بہتری کی بجائے مسلسل ابتری کا شکار ہے، رمضان المبارک کی آمد آمد ہے مگر ابھی تک حکومت مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند نہیں کرسکی،ہوشربا مہنگائی سے اب عوام کا روزے رکھنا بھی مشکل ہو جائے گا، انہوں نے کہا کہ نواز لیگ میں تما م فیصلے میاں محمد نواز شریف اور میاں محمد شہباز شریف کی مشاورت سے ہوتے ہیں اس لئے دونوں کا بیانیہ ایک ہے جس پر پوری قیادت عمل پیرا ہے۔

شیخوپورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں