پیپلز پارٹی ملکی سیاست میں اپنی ایک تاریخی حقیقت اور حیثیت رکھتی ہے،چوہدری اسلم گل

جمعہ 4 جون 2021 23:59

شیخوپورہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جون2021ء) پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے قائم مقام صدر چوہدری اسلم گل نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملکی سیاست میں اپنی ایک تاریخی حقیقت اور حیثیت رکھتی ہے جس نے قیام پاکستان سے لیکر اب تک ملک میں جمہوریت کی بحالی، آمریت کے خاتمہ، قانون کی بالادستی، غریب عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ، اداروں کی آزادی و خود مختاری، ملکی سلامتی، عوامی خوشحالی و ملکی معیشت کے فروغ اور دہشت گردی و انتہائی پسندی کے خاتمہ کیلئے اپنا انتھک کردار ادا کیا ہے جس کیلئے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو سمیت دیگر قیادت نے جان کی قربانیاں بھی دی ہیں ایک وقت میں بے نظیر بھٹو شہید نے 17ارکان اسمبلی کے ساتھ قومی اسمبلی میں بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کیا اور اب انتخابی دھاندلی کے باوجود 56ارکان اسمبلی کے ساتھ پیپلز پارٹی قومی اسمبلی میں بطور اپوزیشن اپنا کلیدی کردار اد اکررہی ہے جس کا کریڈٹ سابق صدر مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سیاسی بصیرت اور دور اندیشی کو جاتا ہے، پنجاب میں نئے عہدیداروں کی نامزدگی کا فیصلہ بجٹ اجلاس کے بعد چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے دورہ پنجاب کے موقع پر ہوگا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر نائب صدر چوہدری خالق عزیز ورک اور ضلعی نائب صدر چوہدری منیر قمر واہگہ کی سربراہی میں ملنے والے وفدسے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر محمد کاشف گیلانی، عمر ایاز خان، سجاد علی لاڈا اور دیگر موجود تھے، چوہدری اسلم گل نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سیاسی حکمت عملی اور اپوزیشن کی اے پی سی کے نتیجہ میں پی ڈی ایم کا اتحاد معرض وجود میں آیا پیپلز پارٹی کی قیادت کی سیاسی بصیرت کی وجہ سے نواز لیگ سینیٹ اور ضمنی انتخابات میں حصہ لینے پر آمادہ ہوئی اور آج نواز لیگ اور مولانا فضل الرحمن کی تنقید پیپلز پارٹی کی خدمات سے انحراف جبکہ مولانا فضل الرحمن کا پیپلز پارٹی کو پی ٹی آئی سے بریکٹ کرنے کی بات خود حکومت سے ڈائریکٹ ہونے کے مترادف ہے، پی ڈی ایم کے کل 26نکات پر عمل کرنے کی بجائے آخری نقطہ اجتماعی استعفے دینے پر زور دینا کوئی سیاسی دانش مندی و دانائی نہ ہے یہ آخری آپشن ہے جس سے پیپلز پارٹی نے کبھی راہ فرار اختیار نہیں کی، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی موجودہ حکومت کے خلاف پارلیمنٹ کے اندر اور باہر اپنی بھرپور جدوجہد جاری رکھے گی بہت جلد نواز لیگ اور مولانا فضل الرحمن کو اپنی غلطی کا احساس ہو جائے گا۔

شیخوپورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں