حکمران ملک کو ڈنگ ٹپاؤ پالیسی پر چلارہے ہیں،رانا تنویر حسین

بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات میں آئے روز اضافہ کے باعث 22کروڑ عوام کی زندگی اجیرن ہو کر رہ گئی ہے، چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی

جمعہ 10 ستمبر 2021 21:48

شیخوپورہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2021ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی سینئر رہنما اور پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین رانا تنویر حسین ایم این اے نے کہا ہے کہ حکمران ملک کو ڈنگ ٹپاؤ پالیسی پر چلارہے ہیں، بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات میں آئے روز اضافہ کے باعث 22کروڑ عوام کی زندگی اجیرن ہو کر رہ گئی ہے، حکومت کے ترقی اور خوشحالی کے دعوے صرف بیانات تک محدود ہیں،خدا جانے حکمران کس خوشحالی کی بات کرتے ہیں جس کے ثمرات قوم کو میسر نہیں، تین برسوں میں سلیکٹڈ وزیر اعظم کی کابینہ موثر نہیں ہوسکی آئے روز وزیروں کے قلمدان تبدیل اور اعلیٰ افسران کے تبادلے کئے جارہے ہیں، کوئی شعبہ کام نہیں کررہا، گورننس کی حالت ابتر ہے، عوام کو جان و مال کا تحفظ حاصل نہیں، مالیاتی سکینڈلز کی لائن لگی ہے، ملک تاریخ کے سیاہ ترین دور سے گزر رہا ہے، پنجاب میں نااہل و نالائق وزیر اعظم نے اب تک سات آئی جی پولیس اور چار چیف سیکرٹری تبدیل کردیئے مگر نہ بیوروکریسی کام کرنے کے قابل ہوئی نہ لا ئ اینڈ آرڈرکی حالت میں سدھا ر آیا ہے پنجاب کو وفاق سے چلانے کی خاطر لایا گیا کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ کسی ایشو پر موقف تک خود نہیں دے سکتا، کرائے کے ترجمانوں کے ذریعے کام چلانے کی کوشش کی جارہی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے نواز لیگ پی پی 137کے سینئر نائب صدر و سابق ممبر ضلع کونسل حاجی طارق محمود ڈوگر کے ڈیرہ پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ارکان اسمبلی پیر سید اشر ف رسول، میاں عبدالرؤف، چیئرمین ضلع کونسل رانا احمد عتیق انور، میڈیا کوآرڈینیٹر ندیم گورایہ، حافظ عبدالرزاق، لیگی رہنما ملک نوید بگا ڈوگر، عا مر طارق ڈوگر اور صدر سوشل میڈیا پی پی 138رانا عبدالقادر و دیگر موجود تھے، رانا تنویر حسین ایم این اے نے کہا کہ جمہوریت کے فروغ اور عوام کی بھلائی کیلئے مسلم لیگ(ن) کی خدمات ناقابل فراموش ہیں، ترقی کے جس دور کا آغاز ہم نے کیا اسے موجودہ نااہل حکومت نے سبوتاڑ کیا، عوام کو حاصل ریلیف کو تکلیف میں بدلا گیا، ملکی خارجہ پالیسی کو جن خطوط پر استوار کیا گیا اس نے ملکی وقار داؤ پر لگایا یہ کس منہ سے خارجہ پالیسی کے موثر ہونے کی بات کررہے ہیں حالیہ دو ر میں نہ غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھی نہ ملکی سرمایہ کار و ں کا اعتماد بحال ہوا، ملکی صنعتیں مسلسل زبوں حال اور بند ہورہی ہیں درآمدات اور برآمدات میں تناسب مزید بڑھ رہا ہے، ہم نے میڈ ان پاکستان کا جو ویڑن دیا اس پر چلنے کی بجائے پھر سے غیر ملکی مصنوعات کوترویج دی گئی جس سے ملکی صنعت زوال پذیر ہے، حکمرانوں کی کوئی کل سیدھی نہیں یہ پھر بھی پانچ سال پورے کرنے کی خواہش اور عوام کو نہ گھبرانے کا مشورہ دے رہے ہیں،غریب عوام معاشی بدحالی کے باعث دو وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں،روپیہ نیچے اور مہنگائی اوپر جارہی ہے، غربت اور بیروز گاری میں تیزی سے اضافہ ہوتا جا رہا ہے،عمران خان کی حکومت نی3سال میں قرضے حاصل کرنے کے سارے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں یہی حال رہا تو حالات کے ستائے مفلوک الحال شہری حکمرانوں پر چڑھ دوڑیں گے اپوزیشن ملک و قوم کو کسی نئے سیاسی بحران میں مبتلا کرنا نہیں چاہتی مگر ملک کو موجودہ نااہل و نالائق حکمرانوں کے رحم و کرم پر بھی نہیں چھوڑ سکتی ہم اپنا آئینی و جمہوری کردار ادا کرتے رہیں گے، عوام نااہل حکومت کے خا تمے کیلئے پی ڈی ایم کا سا تھ دے۔

شیخوپورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں