ڈپٹی کمشنر شیخوپوره کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس، عید قربان پر امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ

پیر 2 جون 2025 18:47

شیخوپورہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2025ء) عید الاضحیٰ کے سلسلہ میں ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر شیخوپوره شاہد عمران مارتھ نے کی ۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بلال ظفر شیخ ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نعمان علی ، ضلعی افسران سمیت تحریک لبیک کے عہدیداران نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس میں ممبران امن کمیٹی نے اپنی اپنی تجاویز پیش کیں اور ملک میں امن و امان کی فضا قائم رکھنے کی یقینی دہانی کروائی ۔

ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کا مقصد عید قربان پرضلع بھر میں امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کرنا ہے ، شیخوپورہ امن اور بھائی چارے کا گہوارہ ہے ، عید الاضحی کے موقع پر بھی ہمیں اسی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے امن اور بھائی چارے کے لیۓ اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ معاشرتی امن اور مذہبی رواداری کی فضا برقرار رکھنے کے لئے علماء اکرام کی خدمات قابل ستائش ہیں ، ضلع بھر میں حفاظتی و انتظامی امور کے استحکام کیلئے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام و مذہبی راہنماؤں کی مشاورت کو مقدم رکھا جاتا ہے جس سے امن وسلامتی کی ضمانت ملتی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ علماء اکرام سے اپیل ہے کہ اپنے خطبات میں لوگوں کو قربانی کے جانوروں کی الائشیں شاپر میں ڈالنے اور ویسٹ ورکرز کے حوالے کرنے کا پیغام دیں۔

ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے صرف مقررہ پوائنٹس پر ہی کھالیں جمع کرنے کی اجازت ہوگی ، بغیر اجازت کھالیں اکٹھی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاون ہو گا ، ضلعی کنٹرول روم عید کے ایام میں فعال رہے گا اور صفائی سے متعلقہ عوامی شکایات کو فوری حل کریں گے ۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بلال ظفر شیخ نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوۓ کہا کہ ضلعی محکمہ پولیس کی جانب سے مساجد ، عید گاہوں سمیت ضلع بھر میں سیکورٹی کے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے ، عید کے موقع پر جامع سیکورٹی پلان تشکیل دیا گیا ہے ، ضلع کی تمام مساجد کے باہر پولیس کے جوان تعینات ہونگے ۔

ڈی پی او بلال ظفر شیخ نے کہا کہ لاﺅڈ سپیکر ، ون ویلنگ اور ہلڑ بازی کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔\378

متعلقہ عنوان :

شیخوپورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں