سرکاری سکولوں میں میعار تعلیم بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے،ڈسڑکٹ ایجوکیشن آفیسر ایلیمینٹری سیالکوٹ

منگل 12 اکتوبر 2021 15:06

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2021ء) ڈسڑکٹ ایجوکیشن آفیسر ایلیمینٹری سیالکوٹ چودھری عطا الہی نے کہا ہے کہ سرکاری سکولوں میں میعار تعلیم بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ان سکولوں کے اساتذہ جدید سہولتوں کے ساتھ ٹاٹ والے سکولوں کے اساتذہ کے جذبے کی طرح کام کر رہے ہیں۔ جس کے انتہائی حوصلہ افزا نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار گورنمنٹ بوائز پرائمری سکول باقر پور مرکز چکرالہ میں برطانیہ میں مقیم ممتاز پاکستانی بزنس مین چودھری محمد نواز کی طرف سے طلبہ و طالبات میں یونیفارم، جوتے، بیگ اور دیگر سامان تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔اس موقع پر سینئر ہیڈ ماسڑ گورنمنٹ ہائی سکول ہیڈمرالہ مرید غوث تمیمی، سینئر نائب صدر پنجاب ٹیچر یونین  چودھری عبدالقیوم راہی، تحصیل صدر پی ٹی یو مدثر اقبال، صدر انجمن طلبہ قدیم گورنمنٹ ہائی سکول مرالہ عبدالشکور مرزا، حافظ شمس چودھری، محمد عارف چودھری ہیڈ ماسٹرپرائمری سکول باقر پور اور میزبان چودھری محمد عمران آف جرمنی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

چودھری عطا الہی نے کہا کہ انہیں یہ جان کر دلی خوشی ہوئی ہے کہ چودھری محمد نواز اور ان کے ساتھی دیار غیر میں بھی رہ کر اپنے گاؤں کے سکولوں کے ساتھ ساتھ  گورنمنٹ ہائی سکول ہیڈ مرالہ میں بچوں اور اساتذہ کی ضروریات پوری کر رہے ہیں۔انہیں یہ بھی جان کر خوشی ہے کہ انجمن طلبہ قدیم گورنمنٹ ہائی سکول مرالہ کے ممبران سکول کے مسائل کو حل کرنے کے بھی متحرک کردار ادا کر رہے ہیں۔

سینئر ہیڈ ماسڑ گورنمنٹ ہائی سکول ہیڈمرالہ مرید غوث تمیمی نے کہا کہ انجمن طلبہ قدیم گورنمنٹ ہائی سکول مرالہ کے ممبران نہ  صرف اپنے اپنے سکولوں کے مسائل حل کراونے کی طرف توجہ دے رہے ہیں بلکہ اساتذہ اور والدین کے درمیان تعلق کو مضبوط بنانے کی کوششیں کر رہے ہیں جس سے بچوں کی تعلیمی سرگرمیوں میں خاصی بہتری آنے لگی ہے۔ اس سلسلے میں چودھری محمد نواز اور ان کے ساتھیوں کا جذبہ قابل تعریف ہے۔

عبدالشکورمرزا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اپنے ساتھی ممبران کے ساتھ مل کر اپنے علاقے کے سکولوں کے مسائل حل کرائیں گے اور اساتذہ کی عزت و احترام بڑھانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ میزبان چودھری محمد عمران نے کہا کہ وہ اگلے سال مزید سکولوں میں بچوں کو یونیفارم، جوتے اور بیگ وغیرہ  فراہم کریں گے اور اپنے بھائی چودھری محمد نواز کے خدمت کے مشن کو آگے بڑھائیں گے۔

تقریب سے  عبدالقیوم راہی، مدثر اقبال اور حافظ چودھری شمس نے بھی خطاب کرتے ہوئے باقر پور بند ہوجانے والے سکول میں رونقیں بحال کرنے پر سکول کے ہیڈ ماسڑ اور دیگر اساتذہ کو مبارک دی اور سید ذولفقار شاہ کی خدمات کو بھی شاندار الفاظ میں سراہا۔ اس موقع  پانچ مختلف سرکاری سکولوں کے ستر ۰۷ طلبہ و طالبات میں یونیفارم، جوتے اور بیگ تقسیم کئے گئے۔

سیالکوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں