سیالکوٹ پولیس نے بروقت کاروائی کرکے کمسن بچی سے زیادتی کی کوشش ناکام بنا دی

ملزم قیصر محمود 5 سالہ بچی کو ورغلا کر ویرانے میں لے گیا، بچی کے رونے پر راہگیر موقع پر پہنچ گئے، ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔ پولیس حکام

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 11 ستمبر 2020 19:35

سیالکوٹ پولیس نے بروقت کاروائی کرکے کمسن بچی سے زیادتی کی کوشش ناکام بنا دی
پسرور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 ستمبر2020ء) سیالکوٹ پولیس نے بروقت کاروائی کرکے کمسن بچی سے زیادتی کی کوشش ناکام بنا دی، ملزم قیصر محمود 5 سالہ بچی کو ورغلا کر ویرانے میں لے گیا، بچی کے رونے پر لوگوں نے موقع پر پہنچ کر پولیس کے حوالے کردیا۔ تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ میں پسرور کے علاقے محلہ پتی نامے میں شاہ میں ملزم قیصر محمود پانچ سالہ بچی کو گھر سے ورغلا کر ویرانے میں لے گیا۔

ملزم نے جب بچی سے زبردستی کی کوشش کی تو بچی کے رونے کا شور سن کر راہگیر موقع پر پہنچ گئے۔ لوگوں کی جانب سے اطلاع ملنے پر پولیس بھی جائے واقعہ پر پہنچ گئی۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے اور واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔ بچی کے والد نے پولیس کو بتایا کہ میں محلہ پتی نامے شاہ پسرور کا رہائشی ہوں، میں محنت کش ہوں۔

(جاری ہے)

میری پانچ سالہ بیٹی ایمان فاطمہ کو ملزم قیصر محمود ورغلا کر اپنے ساتھ لے گیا۔

اس نے جب بیٹی سے زنابالجبر کرنے کی کوشش کی تو بچی کے رونے پر لوگ اکٹھے ہوگئے۔ بچی کے والد نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزم کو عبرت ناک سزا دی جائے۔ اسی طرح گوجرانوالہ میں تھانہ سبزی منڈی کے علاقے میں کمسن بچی کے ساتھ زیادتی کا ایک اور واقعہ پیش آیا ہے۔ واقعے کے تحت میڈیکل رپورٹ میں 12 سالہ بچی سے زیادتی کی تصدیق کردی گئی ہے۔ تاہم بچی کی نشاندہی پر ملزم کو گرفتار کرلیا تھا۔

واقعہ کل دوپہر کو پیش آیا، گرفتار ملزم نے اعتراف جرم کرلیا ہے۔ گرفتار ملزم بچی کا ہمسایہ نکلا جبکہ بچی ابھی بھی ہسپتال میں زیرعلاج ہے۔ پولیس نے ڈی این اے کیلئے ملزم کے سیمپل اور متاثرہ بچی کے کپڑے فرانزک لیب بھجوا دیے ہیں۔اسی طرح کا ایک واقعہ کراچی میں پیش آیا جہاں کراچی کے جناح اسپتال کے گائنی وارڈ میں سرجیکل ماسک اور پانی بیچنے والی کم عمر لڑکی کو اغوا کرکے دھابیجی میں زیادتی کا نشانہ بنایا گیا، موقع پا کر فرار بچی کے انکشاف پر پولیس نے دھابیجی میں چھاپا مار کر خاتون سمیت دو ملزمان کو گرفتار کرلیا، مکان سے اورنگی ٹاون سے اغوا کی گئی ایک اور بچی بھی مل گئی۔

سیالکوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں