دوسری شادی کی اجازت نہ ملنے پر ڈاکٹر نے زندگی کا خاتمہ کرلیا

40 سالہ دانتوں کا ڈاکٹر زبیر دوسری شادی کرنے کا خواہش مند تھا ، اس نے اپنی پہلی بیوی سے اجازت طلب کی تو اس نے صاف انکار کردیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 26 اکتوبر 2020 14:42

دوسری شادی کی اجازت نہ ملنے پر ڈاکٹر نے زندگی کا خاتمہ کرلیا
سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 اکتوبر2020ء) صوبہ پنجاب کے شہر سیالکوٹ میں پہلی بیوی کی طرف سے دوسری شادی کی اجازت نہ دیے جانے پر ڈاکٹر نے خود کشی کرلی۔ اس حوالے سے تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ کے نواحی علاقہ بھوپال کا رہائشی ایک 40 سالہ دانتوں کا ڈاکٹر زبیر احمد دوسری شادی کرنے کا خواہش مند تھا ، جس کے لیے اس نے اپنی پہلی بیوی سے اجازت طلب کی تو اس نے صاف انکار کردیا ، جس کی بنا پر دلبرداشتہ ہوکر اس نے زہریلی گولیاں کھالیں ، طبعیت بگڑنے پر اسے ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جاں بر نہ ہوسکا اور انتقال کرگیا۔

دوسری طرف صوبہ پنجاب کے شہر مظفرگڑھ میں شوہرنے دوسری شادی کی اجازت نہ ملنے پر اپنا ہی شیرخوار بچہ اغوا کرلیا ، اس حوالے سے تفصیلات میں بتایا گیا کہ مظفرگڑھ میں تھانہ شہرسلطان کے علاقے میں نوجوان سیف اللہ نے اپنی پہلی بیوی کی طرف سے دوسری شادی کی اجازت نہ ملنے پراپنے بچے کو ہی یرغمال بنا لیا ، اس وقعے کے بارے مین جب بچے کی ماں اور اس شخص کی پہلی بیوی نے جب پولیس کو اطلاع دی توپولیس پر بھی نوجوان 14 گھنٹے تک فائرنگ کرکے مقابلہ کرتا رہا ، تاہم بعد ازاں پولیس کی طرف سے ملزم کو کئی گھنٹے بعد گرفتار کرلیا گیا ، جب کہ اس کے قبضہ سے شیرخواربچے کو بحفاظت بازیاب کرواکر اس کی ماں کے حوالے کردیا گیا۔

(جاری ہے)

ایک اور خبر کے مطابق دوسری شادی کرنے پر بیٹے نے اپنی ماں کو قتل کردیا ، اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ایک 37 سالہ خاتون نے پہلے شوہر سے طلاق لے کر دوسری شادی کرلی ، جس کا اس کے بیٹے کو رنج تھا اور بیٹے نے اپنی ماں کو فائرنگ کرکے قتل کردیا ، نواحی گائوں 103/9-L میں37سالہ خاتون سکینہ بی بی نے اپنے خاوند ریاض سے گھریلو جھگڑے کے بعد طلاق لیکر نصیر نامی شخص سے دوسری شادی کرلی تھی جس کا سکینہ بی بی کے بیٹے عامرکو سخت رنج تھا ، اسی رنجش پر سکینہ بی بی کے بیٹے عامر نے اپنے ساتھیوں کی مدد سے گھر میں داخل ہوکر فائرنگ کرکے اپنی ماں کوقتل کردیا اور فرارہوگئے۔

سیالکوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں