حکومت کاروباری برادری کے مسائل سے آگاہ ہے ، تاجر برادری کے مسائل کو حل کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے،عثمان ڈار

سیالکوٹ ملک کا ایک اہم معاشی مرکز اور مکمل طور پر برآمد ی شہر ہے، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ملکی معیشت کو مضبوط کر رہی ہے، تاجروں سے خطاب

ہفتہ 11 ستمبر 2021 23:59

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2021ء) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ حکومت کاروباری برادری کے مسائل سے آگاہ ہے ، تاجر برادری کے مسائل کو حل کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔وہوہ اپنی طرف سے سیالکوٹ کی کاروباری برادری کو دئیے گئے عشائیہ سے خطاب کررہے تھے ۔عثمان ڈار نے کہا کہ حکومت صنعت کی ترقی کے لیے تمام اہم اقدامات کر رہی ہے، سیالکوٹ ملک کا ایک اہم معاشی مرکز اور مکمل طور پر برآمد ی شہر ہے،پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ملکی معیشت کو مضبوط کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشی اور صنعتی ترقی کا فروغ حکومت کے اقتصادی ایجنڈے میں سرفہرست ہے۔انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کے برآمد کنندگان قومی معیشت کو مضبوط بنانے میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

برآمدات کے فروغ کے راستے سے تمام رکاوٹیں دور کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کے برآمد کنندگان سالانہ 2.5 بلین امریکی ڈالر کما کر قومی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کے برآمد کنندگان نے سیلف ہیلپ کی بنیاد کے تحت سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئر پورٹ لمیٹڈ اور ایئر سیال جیسے کے دو میگا پراجیکٹ مکمل کر کے ایک سنہری تاریخ لکھی ہے۔انہوں نے کہا کہ میں ترقی پسند اور ابھرتے ہوئے پاکستان کے لیے سیاست میں آیا۔انہوں نے برآمد کنندگان پر زور دیا کہ وہ سیالکوٹ بزنس کونسل قائم کریں اور اس کاروباری کونسل کا پہلا ایجنڈا یہ رکھا جائیکہ سیالکوٹ کی برآمدات کو 2.5 ارب ڈالر سے بڑھا کر 5 ارب ڈالر کیسے کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ضلع سیالکوٹ میں 17 ارب روپے کی لاگت سے سیوریج ،صاف پانی کی فراہمی ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ، ٹریفک مینجمنٹ اور پارکوں کی اپ گریڈیشن جاری ہے۔سیالکوٹ شہر میں پانی کی فراہمی ، پارکوں کی اپ گریڈیشن اور سیوریج کے منصوبوں کا میگا پراجیکٹ سیالکوٹ شہر کے لوگوں کو اپ گریڈ اور جدید میونسپل سہولیات فراہم کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ جاری منصوبوں کی تیزی سے تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے 30 اگست سے دن اور رات کی شفٹوں میں کام شروع ہو چکا ہیاور کہا کہ تمام منصوبے مقررہ مدت میں مکمل ہوں گے۔

معاون خصوصی نے مزید کہا کہ سیالکوٹ میں تمام ترقیاتی منصوبوں کو ٹیکس دہندگان کے نام سے منسوب کیا جائے گا۔کسی بھی منصوبے پر عثمان ڈار کے نام کی تختی نہیں لگے گی۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے کشمیر روڈ انڈر پاس کی منظوری دے دی ہے اوراس پر کام جلد شروع کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ16 ارب روپے کی لاگت سے یونیورسٹی آف اپلائیڈ انجینئرنگ اینڈ ایمرجنگ ٹیکنالوجیز تعمیر کی جائے گی۔

سیالکوٹ میں ایک ہزار ایکڑ پر خصوصی اقتصادی زون قائم ہونے جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ میں 6 ارب کی لاگت سے 1000 بیڈز پر مشتمل جدید ترین ہسپتال تعمیر کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ایمن آباد روڈ پر گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی کے نئے کیمپس کے لیے حکومت نے 3.5 ارب روپے کے فنڈز جاری کر دئیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے سیالکوٹ تا کھاریاں موٹر وے کا سنگ بنیاد رکھا ہے جس کی لاگت 27.8 ارب روپے ہے۔

عثمان ڈار نے کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے شہر اقبال کے شہری براہ راست مستفید ہوں گے اور یہ منصوبے حقیقی طور پر گیم چینجر ثابت ہوں گے۔سیالکوٹ کی کاروباری برادری نے لاک ڈان کے دوران سیالکوٹ کی کاروباری برادری کے لیے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے نوجوان امور محمد عثمان ڈار کی خدمات کو سراہا۔تقریب میں صوبائی وزیر خصوصی تعلیم پنجاب چوہدری محمد اخلاق ، وزیر مذہبی امور آزاد جموں و کشمیر صاحبزادہ حامد رضا ، سیالکوٹ بزنس کمیونٹی کے رہنما ریاض الدین شیخ ، صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری قیصر اقبال بریار ، چیئرمین ایئر سیال فضل جیلانی ، چیئرمین ڈرائی پورٹ ٹرسٹ شیخ نوید اقبال ، چیئرمین سرجیکل انسٹرومنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن پاکستان ذیشان طارق ، چیئرمین سیالکوٹ ٹینری زون رضا منیر ، چیئرمین پاکستان ہوزری مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن فیصل محبوب ، وائس چیئرمین ایئرسیال عمر میر ، وائس چیئرمین سیالکوٹ انٹر نیشنل ا ئر پورٹ چوہدری سرفراز احمد بھٹی اور سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

سیالکوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں