سیالکوٹ واقعہ ؛ مزید 6 مرکزی ملزمان گرفتار‘ گرفتاریوں کی تعداد 124 ہوگئی

اب تک 19 ملزمان کا مرکزی کرادر سامنے آیا‘ ملزمان اپنے دوستوں اور رشتے داروں کے گھروں میں گرفتاری کے ڈر سے چھپے ہوئے تھے۔ ترجمان پولیس

Sajid Ali ساجد علی اتوار 5 دسمبر 2021 12:27

سیالکوٹ واقعہ ؛ مزید 6 مرکزی ملزمان گرفتار‘ گرفتاریوں کی تعداد 124 ہوگئی
سیالکوٹ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 05 دسمبر 2021ء ) پولیس نے سیالکوٹ واقعے میں ملوث مزید 6 مرکزی ملزمان گرفتار کرلیا ‘ گرفتاریوں کی تعداد 124 ہوگئی ۔ پولیس ترجمان کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سیالکوٹ میں فیکٹری کے سری لنکن مینیجر کے قتل میں ملوث ملزمان کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران مزید 6 مرکزی ملزمان گرفتار کیا گیا ہے ، جس کے لیے سائنٹفک انداز سے تفتیش کو آگے بڑھایا گیا ، سی سی ٹی سی فوٹیج اور موبائل کالز ڈیٹا سے گزشتہ 12 گھنٹوں میں پولیس نے مزید 6 مرکزی کرداروں کا تعین کرکے انہیں گرفتار کرلیا ، یہ ملزمان اپنے دوستوں اور رشتے داروں کے گھروں میں گرفتاری کے ڈر سے چھپے ہوئے تھے۔

دوسری جانب سیالکوٹ واقعے کا ازخود نوٹس کیلئے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کو درخواست دے دی گئی ہے، درخواستگزار نے مئوقف اختیار کیا کہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ شہریوں کی حفاظت کرے، سانحہ سیالکوٹ کا ازخود نوٹس لے کر ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کی جائے ، سری لنکن شہری کی لاش کی بےحرمتی کی گئی، وہاں پر موجود سینکڑوں لوگ بچانے کی بجائے ویڈیوز بناتے رہے، بنیادی حقوق کا تحفظ عدالت عظمی کی اولین ذمہ داری ہے، عدالت سے استدعا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزموں کو قرار واقعی سزا دے۔

(جاری ہے)

ادھر سیالکوٹ واقعے پر وزیراعظم عمران خان اور سری لنکن صدر کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، وزیراعظم نے سری لنکن صدر کو سیالکوٹ واقعے میں ملوث100 سے زائد افراد کی گرفتاری سے متعلق آگاہ کیا، وزیراعظم عمران خان نے یقیین دہانی کرائی کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی ، اسی طرح سری لنکن وزیراعظم مہندا راجا پاکسے نے بھی ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ یقین ہے عمران خان ذمہ اروں کوکٹہرے میں لائیں گے ، سری لنکا کے وزیراعظم مہندا راجا پاکسے نے لکھا کہ سری لنکن منیجر کے پاکستان میں قتل پر صدمے میں ہوں، میری ہمدردی سری لنکن منیجر کے اہلخانہ کیساتھ ہے ، وزیراعظم مہندا راجا پاکسے نے کہا کہ سری لنکا اور اس کے عوام کو وزیراعظم عمران پر یقین ہے، ہمیں پورا یقین ہے کہ عمران خان ذمے داروں کو کٹہرے میں لائیں گے۔

سیالکوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں