سری لنکن منیجر قتل ،سیالکوٹ کی کاروباری برادری کا فیکٹریوں میں پروڈکشن آپریشنز کیلئے نئے معیاری آپریٹنگ طریقہ کار وضع کرنے کا فیصلہ

غیر ملکیوں کے لیے خصوصی حفاظتی اقدامات کرنے کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی گارڈز کو مستقبل میں ایسی کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تربیت دی جائے، کمپنیوں کو ہدایت

اتوار 5 دسمبر 2021 17:20

سری لنکن منیجر قتل ،سیالکوٹ کی کاروباری برادری کا فیکٹریوں میں پروڈکشن آپریشنز کیلئے نئے معیاری آپریٹنگ طریقہ کار وضع کرنے کا فیصلہ
سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2021ء) سیالکوٹ کی کاروباری برادری نے فیکٹریوں میں پروڈکشن آپریشنز کے لیے نئے معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (ایس او پیز) وضع کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ مستقبل میں سری لنکن فیکٹری مینیجر کے قتل جیسے المناک واقعے سے بچا جا سکے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق غیر ملکی شہریوں پر مشتمل عملے والی برآمد کنندہ کمپنیوں کو کہا گیا ہے کہ غیر ملکیوں کے لیے خصوصی حفاظتی اقدامات کرنے کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی گارڈز کو مستقبل میں ایسی کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تربیت دی جائے۔

سیالکوٹ کے تاجر رہنماؤں کے اجلاس کے حوالے سے ذرائع نے بتایاکہ اجلاس کے شرکا فکر مند تھے کہ وہ دنیا بھر میں خاص طور پر مغربی ممالک میں اپنے غیر ملکی صارفین کے سامنے تشدد سے قتل کے واقعے کی وضاحت کیسے کریں گے۔

(جاری ہے)

ایس سی سی آئی کے صدر عمران اکبر نے کہاکہ سیالکوٹ کی برآمدی صنعت پر جمعے کے واقعے سے لگنے والے داغوں کو بھرنے میں کافی وقت لگ سکتا ہے۔

انہوںنے کہاکہ مقامی تاجروں نے کچھ اہدافی اقدامات اٹھا کر صنعت کو صورتحال سے نکالنے کے لیے پرعزم تھے اور مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا 'جو اس طرح کے اقدامات کے نافذ ہونے تک میڈیا کو بتائے نہیں جاسکتی'۔انہوں نے کہا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فیکٹری ورکرز کی کونسلنگ کے لیے مذہبی دانشوروں اور علمائے کرام کے لیکچرز کا اہتمام کیا جائے گا جس میں انہیں انسانی زندگی اور اسلام کی تعلیمات کے بارے میں آگاہی دی جائے گی۔

ذرائع سے معلوم ہوا کہ کچھ کاروباری افراد نے چیمبر آف کامرس اور ٹریڈ ایسوسی ایشنز کو تجویز دی ہے کہ فیکٹریوں، کام کی جگہوں اور دفاتر میں کسی قسم کا مذہبی مواد چسپاں نہ کرنے دیا جائے تا کہ مستقبل میں ایسی صورتحال سے بچا جاسکے۔واضح رہے کہ 3 دسمبر کو سیالکوٹ میں مشتعل ہجوم نے سری لنکا سے تعلق رکھنے والے مقامی فیکٹری کے منیجر پر توہین مذہب کا الزام عائد کرتے ہوئے بہیمانہ تشدد کرکے قتل کیا اور ان کی لاش نذرِ آتش کردی تھی۔

سیالکوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں