سیالکوٹ بار کا سری لنکن شہری کے قتل میں ملوث ملزمان کا مقدمہ نہ لڑنے کا اعلان

سیالکوٹ واقعے کے علاوہ بھی تشدد کرنے والوں کا کیس نہیں جائے گا۔وکلاء برادری

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 7 دسمبر 2021 16:56

سیالکوٹ بار کا سری لنکن شہری کے قتل میں ملوث ملزمان کا مقدمہ نہ لڑنے کا اعلان
سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 دسمبر 2021ء) :سیالکوٹ بار نے سری لنکا شہری کے قتل میں ملوث ملزمان کا مقدمہ نہ لڑنے کا اعلان کیا ہے۔سیالکوٹ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کا اجلاس ہوا۔ملزمان کو وکالت نامہ نہ دینے کی قرارداد پیش کی گئی۔قراردار وکلاء کی کثیر تعداد نے بھاری اکثریت سے منظور کر لی۔صدر بار خالد قریشی نے کہا کہ سیالکوٹ واقعے سے دنیا بھر میں اسلام اور پاکستان کا امیج خراب ہوا۔

وکلاء برادری نے کہا کہ سیالکوٹ واقعے کے علاوہ بھی تشدد کرنے والوں کا کیس نہیں لیا جائے گا۔ یاد رہے کہ تین دسمبر کو سیالکوٹ کے علاقہ وزیرآباد میں قائم فیکٹری کے غیرملکی منیجر پرانتھا کمار کو ملازمین نے وحشیانہ تشدد کرکے قتل کیا اور لاش کو کھینچ کر چوک تک لائے، جس کے بعد جنونی ہجوم میں شامل مشتعل افراد نے سری لنکن شہری کی لاش کو نذر آتش کردیا تھا ۔

(جاری ہے)

سیالکوٹ میں پیش آنے والے اس انسانیت سوز واقعہ پر پاکستان کی سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات نے سخت افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب کو سیالکوٹ واقعہ کی ابتدائی رپورٹ ارسال کردی گئی ، جس میں بتایا گیا کہ گرفتارفیکٹری ورکرزکا دعویٰ ہے کہ اسٹیکر پرمذہبی تحریر تھی، بادی النظرمیں اسٹیکرکوبہانہ بناکر ورکر ز نے منیجرپرحملہ کیا۔

ورکرز پہلے ہی منیجر کے ڈسپلن اورکام لینے پر غصے میں تھے، واقعےسےقبل کچھ ورکرزکوکام چوری اورڈسپلن توڑنےپرفارغ بھی کیاگیا۔ رپورٹ کے مطابق مارپیٹ کا واقعہ صبح11بجےکےقریب شروع ہوا ، 11بجکر25منٹ پرپولیس کواطلاع ملی،3 اہلکارموقع پر پہنچے، ہجوم زیادہ اورٹریفک جام ہونے پر پولیس کی نفری تاخیر سے پہنچی، واقعے کے وقت فیکٹری مالکان غائب ہوگئے۔

دوسری جانب سری لنکن منیجر کی لاش کا پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لاش کا نچلا حصہ اورپاؤٕں جلنے سے محفوظ رہے جبکہ مقتول کے جسم کی ہڈیاں ٹوٹی پائی گئیں۔ ذرائع نے بتایا وزرات داخلہ پنجاب نے سری لنکن سفارت خانے سے رابطہ کیا، لاش آج اسلام آباد بھجوائی جائے گی ، جس کے بعد سری لنکن سفارت خانے کے اہلکار لاش سری لنکا لے کر جائیں گے۔ اس واقعہ پر نیوز کانفرنس کرتے ہوئے پنجاب پولیس نے بتایا کہ سیالکوٹ واقعہ کے تمام مرکزی ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ سیلفی لینے، ویڈیو بنانے اور پتھر لاکر دینے والے ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا ۔

سیالکوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں