سیالکوٹ واقعہ میں اہم پیش رفت، پولیس نے مزید 40 ملزمان کو شناخت کر لیا

نئے شناخت ہونے والے ملزمان کی فہرست میں فیکٹری کے قریبی دیہات کے رہنے والے افراد بھی شامل ہیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 8 دسمبر 2021 10:20

سیالکوٹ واقعہ میں اہم پیش رفت، پولیس نے مزید 40 ملزمان کو شناخت کر لیا
سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 08 دسمبر 2021ء) : پولیس نے سیالکوٹ سانحہ میں ملوث مزید چالیس افراد کو شناخت کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سانحہ سیالکوٹ کے ملزمان کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں جبکہ پولیس ملزمان کے خلاف مؤثر کارروائیاں کر کے ملزمان کی شناخت بھی کر رہی ہے اور انہیں حراست میں بھی لیا جا رہا ہے تاکہ ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

پولیس نے سانحہ سیالکوٹ کے مزید چالیس افراد کو شناخت کر لیا ہے۔ پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ نئے شناخت ہونے والے 40 ملزمان کی فہرست میں زیادہ تعداد ایسے لوگوں کی ہے جو باہر سے آئے تھے، فہرست میں فیکٹری کے قریبی دیہات کے رہنے والے افراد بھی شامل ہیں۔ ملزمان سے متعلق تفصیلات سامنے آنے پر چھاپہ مار ٹیموں نے مختلف مقامات پر چھاپے بھی مارے ۔

(جاری ہے)

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شناخت ہونے والے نئے ملزمان کو جلد گرفتار کر کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز سانحہ سیالکوٹ میں حراست میں لیے گئے فیکٹری کے سپروائزرز کو پولیس نے رہا کر دیا تھا۔ پولیس نے کہا کہ سانحہ سیالکوٹ کی تفتیش کے لیے دو روز قبل فیکٹری کے سپروائزرز کو حراست میں لیا گیا تھا جنہیں تفتیش کے بعد چھوڑ دیا گیا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ فیکٹری مالک کی یقین دہانی کے بعد تمام سپروائزرز کو رہا کر دیا گیا تاہم ضرورت پڑنے پر ان تمام افراد کو دوبارہ بھی طلب کیا جا سکتا ہے۔ سری لنکن شہری کی جان بچانے کی کوشش کرنے والے لا پتہ شخص عابد سے متعلق پولیس نے بتایا کہ سری لنکن شہری کی جان بچانے کی کوشش کرنے والےعابد کی تلاش جاری ہے۔ عابد بھی فیکٹری میں بطور سپروائزر کام کرتاہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ویڈیوز میں عابد بھی پریانتھا کو بچانے کی کوشش کرتا نظر آیا اور فوٹیج میں عابد ہجوم کے آگے ہاتھ جوڑتا دکھائی دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سانحہ سیالکوٹ کے ملزمان کے موبائل ڈیٹا اور ویڈیوزکی مدد سے دیگر ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ واضح رہے کہ تین دسمبر کو سیالکوٹ کے علاقہ وزیرآباد میں قائم فیکٹری کے غیرملکی منیجر پرانتھا کمار کو ملازمین نے وحشیانہ تشدد کرکے قتل کیا اور لاش کو کھینچ کر چوک تک لائے، جس کے بعد جنونی ہجوم میں شامل مشتعل افراد نے سری لنکن شہری کی لاش کو نذر آتش کردیا تھا ۔

متعلقہ عنوان :

سیالکوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں