ضلعی انتظامیہ سیالکوٹ عوام کو اشیاء خوردونوش کی مقررہ نرخوں پر فراہمی کیلئے متحرک

منگل 19 نومبر 2019 12:27

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2019ء) ضلع سیالکوٹ میں عوام الناس کو اشیاء خوردونوش کی مقررہ نرخوں پر فراہمی اورناجائز منافع خوری کے خاتمہ کیلئے ضلعی انتظامیہ پوری طرح متحرک ہے۔ ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ڈاکٹرعمر شیر چٹھہ کی ہدایت پر چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنر علی الصبح اپنی اپنی متعلقہ سبزی منڈیوں میں ہونے والی نیلامیوں کی مانیٹرنگ کیلئے موجود تھے۔

اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ محمد نعیم بشیر، ڈسکہ ماریہ جاوید، پسرور طاہر طیب اور سمبڑیال محمد اظہار الحق نے سبزی و فروٹ منڈیوں میںکاروبار کیلئے آئے ہوئے کاشتکاروں، آڑھتیوں اور دکانداروں کو ہدایت کی کہ وہ سبزیوں اور پھلوں کو مقررہ نرخوں پر فروخت کریں اور تمام دکاندار اپنے دکانوں اور ریڑھیوں پر ریٹ لسٹیں نمایاں جگہ پرآویزاں کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی قلت پیدا کرکے ناجائز منافع کمانے والے جیل جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ عوام کو مناسب قیمتوں پر اشیاء خورد ونوش کی ترسیل کیلئے ضلعی انتظامیہ پوری طرح متحرک ہے اور اس سلسلہ میں ضلعی پولیس اور سپیشل برانچ کی خدمات بھی حاصل کی گئیں ہیں۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز بھی سپیشل پرائس مجسٹریٹس نے ضلع سیالکوٹ کی 48 مختلف مارکٹیوں میں انسپکشن کی جس میں سے 92 افراد کو گراں فروشی اور ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے پر مجموعی پر 5لاکھ61ہزار500روپے جرمانہ کیا گیا جبکہ 17افراد کو حوالات میں بند کرکے ان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔

ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ڈاکٹر عمر شیر چٹھہ نے گراں فروشی کے خاتمہ کیلئے سپیشل پرائس مجسٹریٹس کیکارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ گراں فروشی کے مکمل خاتمہ تک مہم جاری رکھی جائے۔

سیالکوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں