سمبڑیال، ہمارے حکمرانوں نے ساری قوم کو بھکاری بنا دیا ہے،محمد اویس گھمن

جمعرات 19 جولائی 2018 23:09

سمبڑیال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جولائی2018ء) متحدہ مجلس عمل کے نامزد امیدوار برائے قومی اسمبلی حلقہ NA76 محمد اویس گھمن نے کہا ہے کہ ہمارے حکمرانوں نے ساری قوم کو بھکاری بنا دیا ہے متحدہ مجلس عمل عوام کے کشکول کو توڑ کر دم لے گی اورعوام 25جولائی کو ان حکمرانوں کو یکسر مسترد کرے گی اورمتحدہ مجلس عمل نواز شریف کے ساتھ ساتھ دوسرے تمام کرپٹ حکمرانوںکا احتساب بھی چاہتی ہے کیونکہ تمام کرپٹ اورلٹیرے حکمران تبدیلی کی واشنگ مشین میں اپنے آپ کو پاک صاف ثابت کرنے کی کوشش کررہے ہیں ان خیالات کااظہار انہوںنے آڈھا ، چھبیل پور ، پیروچک ،نگور اور واں میں انتخابی جلسوں کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا نیز ان کا مزید کہنا تھا کہ حقیقی تبدیلی صرف اورصرف نظام مصطفی ؐ کے نفاذ سے ہی ممکن ہے اورکتاب تبدیلی کا نشان ہے جبکہ اسلام دشمن عناصر متحدہ مجلس عمل کے خلاف پروپیگنڈہ کررہے ہیں لیکن وہ اپنی ناکام سازشوں میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتے۔

سیالکوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں