پاکستان تحریک انصاف حکومت میں آکر ظلم کی چکی میں پسی ہوئی عوام کو نجات دلوائے گی، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

اتوار 22 جولائی 2018 23:00

سیالکوٹ۔22جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2018ء) غیرت مند عوام 25جولائی کو ریاست پاکستان قبضہ گروپ سے آزاد کروا کر قائد اعظم کے وارث عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کی قیادت میں حقیقی معنوں میں اسلامی جمہوریہ پاکستان بنائیں گے‘ عوام تعمیر پاکستان و حصول پاکستان کے جذبہ سے سر شار ہو کر 25جولائی کا انتظار کر رہے ہیں‘ پی ٹی آئی ورکر طاقت تعمیر سے بھرپور چارج ہو چکا ہے‘ 25جولائی کو بلا شیر کو سرکسی کرتب تک محدود کر دے گا ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر اور نامزد امیدوار این ای72ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے انتخابی مہم کے دوران منعقدہ تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف مرکز سمیت پنجاب میں حکومت قائم کر کے ظلم کی چکی میں پسی ہوئی عوام کو نجات دلوائے گی اور ترقی کے مواقع سب کے لئے یکساں ہوں گے اور بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی عوام کی دہلیز پر ہو گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی علامہ محمد اقبال ؒ کے افکار کی عملی ترجمانی کرے گی اور علاقہ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کروا کر شہر اقبال کی تعمیر و ترقی میں کردار اداکرے گی۔عوام بلے کے نشان پر مہر لگا کرعمران خان کو مظبوط بنائیں۔

سیالکوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں