سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی اپنے شہر کی تعمیر و ترقی کے ساتھ ساتھ اب ملکی سطح کے اہم منصوبوں میں گہری دلچسپی رکھتی ہے ۔ندیم انور قریشی

ہفتہ 20 اکتوبر 2018 22:54

سیالکوٹ۔20 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2018ء) چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان اور وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی طرف سے قائم کردہ ڈیم فنڈ میں سیالکوٹ انٹر نیشنل ائرپورٹ لیمیٹڈکی طرف سے اعلان کردہ دس کروڑ روپے کے عطیہ کی اڑھائی کروڑ روپے کی پہلی قسط کا چیک اسلام آباد میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان کو پیش کرنے کے بعد سیالکوٹ انٹر نیشنل ائرپورٹ کا وفد سیالکوٹ واپس پہنچ گیا ہے۔

وفد کے قائد ندیم انور قریشی چیئرمین سیال نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے سیالکوٹ انٹرنیشنل ائرپورٹ کے مسائل حل کرانے کا وعدہ کرکے اہل سیالکوٹ کے دل جیت لئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بات ہمارے لیے باعث فخر ہے کہ سیالکوٹ انٹر نیشنل ائرپورٹ اپنی مدد آپ کے تحت بنایا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

اک چھوٹا ادارہ ہونے کے باجود وطن عزیز میں پانی کی قلت دور کرنے کے لیے قائم کئے گئے ڈیم فنڈ میں دس کروڑ کا عطیہ اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی اپنے شہر کی تعمیر و ترقی کے ساتھ ساتھ اب ملکی سطح کے اہم منصوبوں میںگہری دلچسپی رکھتی ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم پاکستان نے بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کرانے میں جس گہری دل چسپی کا اظہار کیا ہے وہ بھی ایک بڑی حوصلہ افزا بات ہے۔ وفد میں شامل بانی چیئرمین سیال میاں محمد ریاض ، کنوینر سیال سی ایس آر کمیٹی غلام مصطفی چودھری اور ڈاکٹر نعمان ادریس بٹ نے سیالکوٹ ائرپورٹ کے مسائل حل کرانے کی یقین دہانی پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے اپنی گفتگو میں سابق چیئرمین سیال انجنیئر خاور انور خواجہ کی طرف سے سیالکوٹ اور خاص طور پر سیالکوٹ ائرپورٹ کے مسائل کرانے کے لیے ان کی توجہ مبذول کرانے کا ذکر کیا۔ اس موقع پر مرکزی رہنما یوبی جی ایوان ہائے صنعت و تجارت ڈاکٹر نعمان ادریس بٹ نے وزیر اعظم کو ہائوسنگ کے شعبہ میں بھی تعاون کی پیش کش کی جسے وزیر اعظم نے سراہا اور ملک میں ترقیاتی منصوبوں میں تعاون پر سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی کا شکریہ ادا کیا۔

سیالکوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں