عمران خان سیاست نہیں ریاست بچانے کی حکمت عملی پر کارفرما ہیں، فردوس عاشق اعوان

پیر 22 اکتوبر 2018 00:20

سیالکوٹ۔21 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2018ء) پاکستان میں معاشی بحران اور تباہ شدہ ادارے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو ورثہ میں ملے ہیں۔ عمران خان سیاست نہیں ریاست بچانے کی حکمت عملی پر کارفرما ہیں۔ پی ٹی آئی کی قیادت سیاست زدہ اداروں کو عوامی تعاون سے بحالی کی حکمت عملی پر کارفرما ہے ۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ہر طرح کے حالات کا مقابلہ کر کے عوام کی عدالت میں سرخرو ہو گی ۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے ڈیرہ کوبے چک میں مختلف یونین کونسلز میں ترقیاتی کاموں کے اجراء پر اظہار تشکر کیلئے آنے والے عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوام الناس کے بنیادی حقوق کے تحفظ کیلئے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومتیں اور ضلعی ادارے خواب غفلت سے بیدار ہوں اور مصنوعی مہنگائی پیدا کر کے عوام کو پریشان کرنے والے عناصر کی سرکوبی کریں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں موجود معاشی بحران پر بہت جلد قابو پا لیا جائے گا اور پاکستان اپنے قدموں پر کھڑا ہو کر ترقی و خوشحالی کی منازل طے کر کے اقوام عالم میں باوقار مقام حاصل کر کے دنیا میں ثابت کرے گا کہ پاکستان اسلام کا قلعہ ہے اور عمران خان اس قلعہ کے محافظ ہیں۔

سیالکوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں