شہریوں کی جان ومال کا تحفظ کرنا پولیس کا اولین فریضہ ہے ،ڈی پی او سیالکوٹ

جمعہ 16 نومبر 2018 23:47

سیالکوٹ۔16 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2018ء) معاشرے میں امن و امان کی فضاء پیدا اور شہریوں کی جان ومال کا تحفظ کرنا پولیس کا اولین فریضہ ہے، کمیونٹی اور پولیس کی ہم آہنگی سے جرائم پر قابو پایا جاسکتا ہے، ان خیالات کا اظہارڈی پی او سیالکوٹ عبدالغفار قیصرانی نے پولیس تھانہ کوٹلی لوہاراں کی نئی بلڈنگ کے افتتاح کے موقع پر کیا،انہوں نے کہا کہ حصول انصاف کیلئے میرے دروازے ہروقت کھلے ہیں، تھانوں میں میرٹ کی خلاف ورزی کرنیوالے ملازمین کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گئی، انہوں نے کہا کہ مقدمات کے اندراج کیلئے فرنٹ ڈیسک قائم کردیا گیا ہے جہاں پر بلاتفریق تمام متاثرہ افراد کی داد رسائی ہوتی ہے ، تاہم اگر کسی بھی متاثرہ شخص کوپولیس ملازمین سے شکایات ہوں تو وہ ایس ایچ او اور ڈی ایس پی کے پاس جائیں وہ آپکو انصاف کی فراہمی کیلئے چوبیس گھنٹے دفاتر میں موجود ہونگے، تھانہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈی پی او نے کہا کہ کوٹلی لوہاراں کے علاقہ نے اپنی سابق روایات کو برقرار رکھتے ہوئے تھانہ ہذا کیلئے نامور سماجی کارکن اور مقامی چیئرمین فضل محمود نے دوکنال اراضی کا عطیہ دیا جس کی وجہ سے یہ تھانہ قائم ہوا ہے، تقریب سے چیئرمین چوہدری فضل محمود ،ڈی ایس پی چوہدری محمد اطہر ،ایس ایچ او خالد محمود ڈار،سابق وائس چیئرمین چوہدری رمضان کالس ،ملک اشرف ،سید رفاقت علی گیلانی ،حاجی گلزار ،چیئرمین فلک شیر ،حاجی محمد اختر ،چوہدری محمد رضوان طاہر نے بھی خطاب کیا ،آخر پر یونین آف جرنلسٹ نے ڈی پی او کو یاد گاری شیلڈ پیش کی، افتتاحی تقریب میں تمام مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

سیالکوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں