دہشت گردی کے خلاف جامع پیش قدمی کرنا ہوگی،پاکستان سنی تحریک

آستینوں میں چھپے دہشت گرد ملک کے استحکام کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے،جہانگیر قادری

جمعہ 15 فروری 2019 21:40

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 فروری2019ء) پاکستان سنی تحریک کے ضلعی صدر جہانگیر قادری نے کہا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس کے جوانوںپر خود کش حملے کی پر زور مذمت کرتے ہیں۔پاکستان کی آستینوں میں چھپے دہشت گرد ملک کے استحکام کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے۔دہشت گردی کے خلاف جامع پیش قدمی کرنا ہوگی۔دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت،افواج پاکستان اور قومی سلامتی کے اداروں کو اپنی جدوجہد تیز کرنا ہوگی ۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف پولیس اور پاک فوج کی قربانیاں رائیگا ںنہیں جائیں گی۔دہشتگردی کے واقعات ملکی سلامتی اور ترقی کی راہ پر بڑا گھا ئو لگانے کی ناپاک سازش ہے۔ سانحہ میں ملوث ملزمان اور ان کے سرپرستوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

(جاری ہے)

دہشتگرد حملوں نے انسانیت کا سر شرم سے جھکا دیا ہے۔ ایسے حملے پاکستان کی عوام کو جمہوری حقوق سے محروم کرنے کی کوشش ہے۔

ان خیالات کا اظہارپاکستان سنی تحریک کے ضلعی صدر جہانگیر قادری نے ضلعی آفس میں منعقد ہونے والے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تحصیل صدر محمد خالد قادری ،تحصیل رابطہ کمیٹی کے ممبران ملک عامر اقبال قادری، حافظ غلام عباس، بابا قدیر قادری ، حافظ شبیر، قدیر نقشبندی ،ڈاکٹر تصور، سید ساجد حسین بخاری ،سٹی رابطہ کمیٹی کے ممبران امانت علی باجوہ، شفیق قادری، ذوہیب قادری دیگر کارکنوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی سرزمین کو امن و آشتی اور خوشی وخوشحالی کا گہوارہ بنانے کے لیے دہشت گردوں کے خلاف کریک ڈائون اور پور ی ریاستی قوت کو متحد ہونا ہوگا۔تحصیل صدر محمد خالد قادری نے کہا ہے کہ دہشت گردی اور خود کش حملوں کو مذموم واردتوں کے لیے بھارت کی سر پرستی حاصل ہے۔تمام دہشت گرد وں اور ان کی تنظیموں کی سر کوبی کرنا ہوگی۔دہشت گردوں کی بزدلانہ کاروائیوں کے خلاف جنگ کرنا ہوگی۔ دہشت گردی کی لعنت کا خاتمہ کرنے کے لیے پاکستان سنی تحریک پُرعزم ہے۔

سیالکوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں