جماعت اسلامی نہیں چاہتی کے پاکستان تحریک انصاف سیاسی شہادت کے منصب پر فائز ہو بلکہ انہیں عوام کے سامنے بے نقاب ہو نا چاہیے،محمد جاوید قصوری

جمعرات 27 فروری 2020 23:04

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 فروری2020ء) پاکستان جماعت اسلامی کے وسطی پنجاب کے صدر محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نہیں چاہتی کے پاکستان تحریک انصاف سیاسی شہادت کے منصب پر فائز ہو بلکہ انہیں عوام کے سامنے بے نقاب ہو نا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل کچہری میں مہنگائی مار گئی مہم کے حوالے سے اخبارنویسوں سے پریس کانفرنس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ضلعی امیر جماعت اسلامی شکیل ٹھاکر کے علاوہ دیگر عہدیداران وکارکنان بھی موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کے باعث ہونے والی مہنگائی نے عوام کو زندہ درگور کردیا ہے اسلئے انکی زمہ داری ہے کہ وہ عوام کے ساتھ ملکر اس حکومت کے خلاف احتجاج کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی حکومت کو مجبور کرے گی کہ وہ مہنگائی کی آگ پر قابو پائے ورنہ احتجاجی تحریک جاری رہے گی اور اگر انہیں اس حوالے سے دھرنہ بھی دینا پڑا تو وہ اس سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک منظم جماعت ہے اور اگر ظلم کا یہ نظام جاری رہا تو وہ عوام کو منظم کرکے حکومت کے خلاف احتجاج کے دائر کار کو مزید بڑھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی ،گیس، دالوں وغیرہ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں جسکے باعث عوام کا جینا مشکل ہو چکا ہے جبکہ حکومت اپنی غلطیوں کا قصوروار اپوزیشن کو قرار دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی پالیسی ہے کہ چور اگرحکومتی صفوں میں ہے تو زندہ باد اور اگر یہی چور کسی دوسری جماعت کا ہے تو مردہ باد وہ اس کی پرزورمذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج بھی کڑے احتساب کی ضرورت ہے کیونکہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے میرٹ لفظ کو بدنام کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے تمام دعوے اور وعدے جھوٹے نکلے ، حکومت عوام کے مسائل کے حل میں سنجیدہ نہیں ، کشمیر کا مقدمہ بھی درست نہیں لڑا گیا بلکہ کشمیر کے حوالے سے خارجہ پالیسی ناکام ہوئی ہے جبکہ اسکے برعکس مودی نے دنیا بھر کے ملکوں کا دورہ کیا اور دنیا کواپنی پالیسیوں پر قائل کرنے کی کوشش اب بھی کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی آئندہ الیکشن میں کسی اتحاد کا حصہ نہیں بنے گی بلکہ اپنے نشان پر انتخابات میں حصہ لے گی اور موجودہ حکومت کے خلاف تحریک بھی جماعت اسلامی خود چلائے گی۔ جماعت اسلامی کے انتخابات ہارنے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر انکا کہنا تھا کہ انکا کام ہے آذان دینا اور اگر کوئی نماز پڑھنے نہ بھی آئے تو وہ آذان دینا چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آنے سے قادیانیوں کی سرگرمیاں بڑھ گئی ہیں اور اگر عالمی دبائو پر عقیدہ ختم نبوت کے قانون میں تبدیلی لانے کی کوشش کی گئی تو اس حکومت کو بہت بڑے ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا جوکہ برداشت نہیں کرپائیں گے۔

سیالکوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں