ملکی برآمدی انڈسٹری کو تحفظ فراہم کرنے اور برآمدی سرگرمیاں دوبارہ بحال کرنے پر مشیر برائے کامرس کیلئے اظہارتشکرن

جمعرات 28 مئی 2020 20:12

سیالکوٹ28مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2020ء) ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ کے صدر محمد اشرف ملک نے ملکی برآمدی انڈسٹری کو تحفظ فراہم کرنے اور برآمدی سرگرمیاں دوبارہ بحال کیلئے کلیدی کردار ادا کرنے پر مشیر برائے کامرس، عبدالرزاق دائود کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے کہا کہ کوروناوائرس کی وجہ سے ملکی معیشت اور برآمدات پر توقع سے کہیں زیادہ منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں، برآمدی مصنوعات کی ترسیل مکمل طور پر درہم برہم ہو چکی ہے، برآمدکنندگان اپنے کنفرم برآمدی آرڈرز کی ترسیل کے سلسلہ میں شدید پریشانی و مشکلات کا سامنا ہے۔

ملک گیر لاک ڈائون کی وجہ سے فضائی کارگو کے نرخ آسمان سے باتیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک محتاط اندازے کے مطابق فضائی کارگو نرخوں میں بالترتیب 400 فیصد سے 500فیصد تک کا اضافہ ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

صدر چیمبر نے کہا کہ مال برداری کی قیمتوں میں اچانک اضافہ کی وجہ سے برآمدکنندگان کوپہلے سے طے شدہ برآمدی آرڈرز کی ترسیل میں شدید معاشی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

صدر چیمبر نے کہا کہ موجودہ وبائی مرض اور حکومت کی جانب سے کوروناوائرس سے بچائو کیلئے جاری کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد اور موجودہ غیر یقینی صورتحال کے پیش پہلے ہی اضافی اخراجات کا سامنا ہے۔مال برداری کے نرخوں میں اضافہ کی وجہ سے ان کیلئے مزید معاشی مشکلات کھڑی ہو چکی ہیں۔ انہوں نے حکومت پر یہ بات زور دیکر کہی کہ موجودہ صورتحال میں حکومت ملکی برآمدی انڈسٹری کے وسیع تر مفاد اور تحفظ فراہم کرنے کا واحد حل پاکستان کی تمام برآمدی انڈسٹریز کو تمام عالمی سیکٹر پر فریٹ سبسڈی فراہم کرنے میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ 2003ء میں جاری فریٹ سبسڈی سکیم کی طرز پر برآمدی انڈسٹری کو سبسڈی فراہم کرے۔صدر سیالکوٹ چیمبر نے کہا کہ ملکی برآمدی انڈسٹری اس مشکل حالات سے نپٹنے اور برآمدی انڈسٹری کوبچانے کیلئے حکومت کی جانب سے دیکھ رہی ہے کہ وہ آگے بڑھ کر ہمارا ساتھ دیں تاکہ ہم ملکی معیشت کو استحکام فراہم کرنے والے اس اہم سیکٹر کو درپیش مالی نقصانات سے بچا سکیں۔

متعلقہ عنوان :

سیالکوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں