آزاد کشمیر انتخابات میں شکست کو دیکھتے ہوئے ن لیگ حواس باختہ ہوکر غنڈہ گردی کا سہارا لینے کی کوشش کررہی ہے ،فردو س عاشق

ظل سبحانی عرف نواز شریف نے ہمیشہ پاکستان کے مخالفین کے ہاتھوں ربڑ اسٹمپ ہونے کا ثبوت دیا، معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب کی گفتگو

اتوار 25 جولائی 2021 23:15

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2021ء) معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے الیکشن میں اپنی شکست کو دیکھتے ہوئے ن لیگ حواس باختہ ہوکر غنڈہ گردی کا سہارا لینے کی کوشش کررہی ہے ،جعلی راجکماری نے آزاد کشمیر الیکشن میں جو نفرت کے بیج بوئے تھے اس پر عمل کرتے ہوئے گوجرانوالہ ڈویژن میں ن لیگ کے ایم ایل اے کے امیدوار نے پوری قوم کی تضحیک کی اور الیکشن میں ناکامی پر ہندوستان سے مدد مانگنے کا بیانیہ سامنے آیا،یہ نئی بات نہیں مریم کے پاپا نے اپنے یار مودی کوبغیر کسی ڈپلومیٹک پروسیجر کے شادی میں مدعو کرکے عملی مظاہر ہ کیا، ہمیشہ ن لیگ نے پاکستان مخالفین کے ساتھ ملکر اپنے اقتدار کیلئے سازشیں کیں۔

(جاری ہے)

اتوار کو سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ظل سبحانی عرف نواز شریف نے ہمیشہ پاکستان کے مخالفین کے ہاتھوں ربڑ اسٹمپ ہونے کا ثبوت دیا،پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کے خلاف ن لیگ کے بیانیہ کو کشمیری عوام نے دفن کردیا۔ پنجاب میں بالکل پر امن اور شفاف انتخابی عمل سے گذرتے ہوئے ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلی شفاف الیکشن کروانے پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔33سیٹوں میں ن لیگ کی غنڈہ گردی دیکھنے کو ملی۔ہمارے 2کارکن شہید ہوئے جن کو سرعام گولیاں ماری گئی۔پیپلز پارٹی نے مخالفین کو گولیوں سے خاموش کروانے کی کوشش کی۔ وزیر اعلی پنجاب نے امن کا صوبہ بنانے کا وعدہ پورا کیا۔مریم نواز لاہور سے گوجرانوالہ اور ڈسکہ کے راستے سیالکوٹ پہنچی اور اداروں کے خلاف زہر اگلا۔

قومی مفادات سے کھلواڑ کرنے پر الطاف حسین کا حال دیکھ لیں اور اس کے انجام سے عبرت حاصل کریں ہم نہیں چاہتے جو شخص 3 دفعہ وزیر اعظم بنا وہ نفرت کی علامت بنے۔ بلی تھیلے سے باہر آگئی ہے،دشمن کے ہاتھ کھلونا بن کرن لیگ کسی بھی حد تک جانے کیلئے تیار ہے۔عوام کی اولین ترجیح سب سے پہلے پاکستان ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنان نے ہر پولنگ اسٹیشن پر سب سے پہلے پاکستان کا ٹھپہ لگایا ہے۔

کشمیریوں کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔پاکستان تحریک انصاف کی قیادت الیکشن کمیشن کی توجہ ضابطہ اخلاق پر عملداری پر دلاتے رہے۔ن لیگ نیالیکشن کمیشن آزاد کشمیر کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔جلسہ میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کارروائی نہ کرنا میچ فکسنگ ہے، ن لیگ کے الزامات مضحکہ خیز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے قواعد و ضوابط بنانے کی ذمہ داری الیکشن کمیشن آزاد کشمیر کی ہے۔

پی ٹی آئی نے ابھی تک کسی ادارے میں پلیسمنٹ نہیں کی۔ن لیگ کے وزیر اعظم آزاد کشمیر کی زیر صدارت الیکشن کمیشن نے ووٹرز لسٹ مرتب کیں۔معاون خصوصی نے کہا کہ کشمیریوں کے دروازے پر ترقی اور خوشحالی نے دستک دی ہے۔کشمیری عوام عمران خان پر اعتماد کررہی ہے۔کشمیر کے الیکشن میں 45سی50فیصد ٹرن آوٹ رہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی مقبولیت کی سروے رپورٹ تصدیق کررہی ہیں۔کشمیری عمران خان کو اپنا مسیحا مانتے ہیں۔ن لیگ اور پی پی پی حکومتوں نے کشمیریوں کی نمائندگی کا حق ادا نہیں کیا۔

سیالکوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں