ڈپٹی کمشنرسیالکوٹ کاعلی ا لصبح نیو سبزی و فروٹ منڈی کا دورہ، سبزیوں ، پھلوں کی طلب و رسد کا جائزہ لیا

بدھ 22 ستمبر 2021 11:18

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2021ء) ڈپٹی کمشنرسیالکوٹ طاہر فاروق نے علی ا لصبح نیو سبزی و فروٹ منڈی کا دورہ کیا اور  سبزیوں ،  پھلوں کی طلب و رسد کا جائزہ لیا اور نیلامیوں کے عمل کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر   ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ نے موقع پر موجود سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی عبداللہ کو ہدایت کی کہ وہ منڈیوں میں ہونے والی نیلامی  کے دوران  وہیں  موجود رہیں تاکہ نیلامی کے عمل کو شفاف بنا یا جا سکے ۔

انہوں نے کہا کہ  ناجائز منافع خوری، ذخیرہ اندوزی اور کساد بازاری برداشت نہیں کی جائے گی۔ کاشتکاروں کو ان کی  محنت کا صلہ ملنا چاہیے  تاہم کمیشن ایجنٹ اور آڑھتی مقررہ کمیشن سے زائد وصول نہ کریں۔ انہوں نے کہاکہ قیمتوں میں استحکام کے لیے  وہ خود سبزی منڈیوں میں نیلامی کے عمل کی  نگرانی کریں گے اور اس  ضمن میں تمام اسسٹنٹ کمشنرز ان کی معاونت کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر بین الاضلاعی تقابلی جائزہ لیا جائے گااور بلا جواز قیمتوں میں اضافہ پر ضلعی انتظامیہ  کارروائی کرے گی۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے مارکیٹ کمیٹی کے مقامی حکام اورسپیشل پرائس مجسٹریٹس کے  ایک خصوصی اجلاس  سے خطاب کرتے ہوئے انہیں ہدایت کی کہ وہ مصنوعی مہنگائی کے مسئلے پر قابو پانے کیلئے متحرک انداز میں کام کریں،پرائس کنٹرول کے حوالے سے کارکردگی کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا اور اس سلسلہ میں غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہاکہ چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایت پر پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ گرانفروشوں کو جرمانے کیلئے ای چالان کا نظام وضع کرنے جارہا ہے۔ انہوں نے تمام سپیشل پرائس مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ وہ اپنی مقررہ حدود میں دکانوں اور مارکیٹوں میں اشیائے خوردو نوش کی قیمتوں کا جائزہ لیں۔ انہوں نے کہاکہ انتظامی اقدامات کے مثبت نتائج نظرآنے چاہیے۔ اجلاس میں اشیا ضروریہ کی قیمتوں، دستیابی اور پرائس کنٹرول مانیٹرنگ میکانزم کا جائزہ لیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل فاروق اکمل بھی اجلاس میں شریک تھے۔

متعلقہ عنوان :

سیالکوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں