منی بجٹ منظور ہوتے ہی سمبڑیال وگردونواح میں مہنگائی کا طوفان آگیا

ہفتہ 15 جنوری 2022 23:05

سمبڑیال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جنوری2022ء) منی بجٹ منظور ہوتے ہی سمبڑیال وگردونواح میں آسمان کو چھوتی مہنگائی نے شہریو ں کے کانوں کو ہاتھ لگوادیئے ،روزمرہ استعمال کے گھی ، خوردنی تیل ، آٹا ،دالیں غریب آدمی کی پہنچ سے دور، پھل سبزیاںبھی منہ مانگے داموں بکنے لگیں ، چائے کا کپ کہیں 40 اورکہیں 50روپے میں فروخت ہونے لگا ، گرانفروش مافیا منی بجٹ کی آڑ میں سیلز ٹیکس سے مستثنیٰ اشیاء کی بھی من مانی قیمتیں وصول کر کے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف جبکہ انتظامیہ مہنگائی کو کنٹرول کرنے کی بجائے ٹھنڈے موسم میں گرم دفاتر تک محدود ہو کر رہ گئی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق حکومت کی طرف سے گزشتہ دنوں منی بجٹ کی منظوری اوربعض اشیاء پر سیلز ٹیکس کے نفاذ کے بعد سمبڑیال وگردونواح میں اشیاء خوردونوش کی ہوش ربا قیمتوں کے باعث شہری بلبلا اٹھے ہیں سانس اورجسم کا رشتہ بحال رکھنے کے لیے آٹا ، گھی ،خوردنی تیل ہر قسم کی دالیں ودیگر اشیائے خوردونوش وغیرہ کی قیمتوں میں انتہائی اضافہ کے باعث شہریوں بالخصوص عام دیہاڑی دار سفید پوش طبقہ کی دسترس سے دور ہو کر رہ گئی ہیں ، سبزیاں ،پھل ،گوشت ، چکن فروخت کرنے والوں نے بھی منی بجٹ کے نام پر اپنے ریٹ خود ساختہ طورپر بڑھالیے ہیں حتی کہ غریب آدمی کی انجوائے منٹ چائے کا کپ بھی کہیں پر 40روپے اورکہیں 50روپے میں فروخت ہونا شروع ہوگیاہے ، گرانفروش مافیا بھی جن اشیاء پر حکومتی سیلز ٹیکس نافذ نہیں ہوا منی بجٹ کی آڑ میں ان اشیاء کی قیمتوں میں بھی من مانا اضافہ کرکے شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف ہے ملکی تاریخ کی بد ترین مہنگائی پر سراپا احتجاج بنے شہریوں کاکہنا ہے کہ اول تو پہلے ہی مہنگائی نے ہمیں زندہ درگور کررکھا تھا اوپر سے حکومت نے منی بجٹ میں رہی سہی کسر پوری کردی ہے اوراشیاء خوردونوش کی خریداری کے لیے ہماری قوت خرید اب یکسر جواب دے چکی ہے جبکہ مقامی انتظامیہ منی بجٹ کے نام پر کی گئی خود ساختہ مہنگائی پر کنٹرول کرنے اورگرانفروشوں کے خلاف کاروائی کرنے کی بجائے ٹھنڈے موسم میں گرم کمروں تک محدود ہو کرعوام الناس کے لٹنے کا تماشا دیکھ رہی ہے۔

سیالکوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں