سیالکوٹ،ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی اجلاس ،شہر میں بڑھتے ہوئے جرائم پر افسوس کا اظہار کیا گیا

ممبران قومی وصوبائی اسمبلی کا دوران ڈکیتی دو بھائیوںکے قتل میں ملوث ملزمان کی گرفتاراور عبرت ناک سزا کا مطالبہ

ہفتہ 25 فروری 2017 21:23

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 فروری2017ء) ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی سیالکوٹ کا اجلاس ہفتہ کو ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں گوھد پور،کور پور میں دوران ڈکیتی دو بھائیوں کو بے دردی سے قتل کرنے والے ملزمان کی جلد از جلد گرفتار ی اور ان کے ملزمان کو عبرت ناک سزا دلوانے کا مطالبہ کیا گیا اور ڈاکوؤں کے ہاتھوں شہید ہونے والے بھائیوں وسیم خالد اور مقد س خالد کیلئے دعائے مغفرت کی گئی ۔

اجلاس میں منتخب اراکین اسمبلی نے ضلع سیالکوٹ میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی پیش رفت اور ضلع میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی چودھری ارمغان سبحانی، سید افتخار الحسن ظاہرے شاہ، چودھر ی محمد اکرام، محسن اشرف، رانا محمد افضل، رانا لیاقت ، رانا عبدالستار خاں ، چودھری طارق سبحانی، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ڈاکٹر آصف طفیل، اے ڈی سی جی ڈاکٹر عمر شیر چٹھہ اور اے ڈی سی ایف اینڈ پی توقیر کاظمی کے علاوہ ضلعی پولیس اور متعلقہ محکموں کے مقامی حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ڈاکٹر آصف طفیل نے اراکین اسمبلی کو ضلع سیالکوٹ میں جاری ترقیاتی کاموں کے بارے میں بریفنگ دی ۔رکن قومی و صوبائی اسمبلی چودھری ارمغان سبحانی، رانا محمد افضل، رانا لیاقت اور رانا عبدالستار خاں نے اے ڈی پی کی اسکیموں پر کام کی رفتار بڑھانے پر زور دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کو از خودان کاموں کی نگرانی کرنے کی درخواست کی ۔

جس پر ڈپٹی کمشنرنے محکمہ پبلک ہیلتھ، لوکل گورنمنٹ ، پرونشل بلڈنگ اور روڈز کے محکموں کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ اے ڈی پی اسکیموں کو مفاد عامہ کے تحت جلد از جلد مکمل کروانے کیلئے اقدامات کریں ۔ انہوں نے واضح کیا کہ اے ڈی پی کے اسکیموں میں تاخیر کا باعث بننے والے افسران کے بارے میں متعلقہ سیکرٹریز کو لکھا جائے گا۔ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی ضلع سیالکوٹ میں بڑھتے ہوئے جرائم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ضلعی پولیس جرائم پیشہ افراد کی بیخ کنی کیلئے راست اقدام کرے بالخصوص کور پور میں دوران ڈکیتی دو بھائیوں کو بے دردی سے قتل کرنے والے ملزمان کی جلد از جلد گرفتار کرکے ان کو عبرت ناک سزا دلوائی جائے ۔

اس موقع پر ڈاکوؤں کے ہاتھوں شہید ہونے والے بھائیوں وسیم خالد اور مقد س خالد کیلئے دعائے مغفرت بھی کی گئی ۔ اے ڈی سی جی سیالکوٹ ڈاکٹر عمر شیر چٹھہ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ محکمہ مال نے ضلع سیالکوٹ میں این ایچ اے اور ایری گیشن سمیت تمام محکموں کو لینڈ ایکوزیشن کرکے دی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سیالکوٹ لاہور موٹر وے کیلئے ایکوزیشن کرکے این ایچ اے کے سپرد کردی گئی ہے اور اسی طرح پٹھانوالی ڈرین کیلئے لینڈ ایکوزیشن کرلی گئی ہے ۔ ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر ذوالفقار گیلانی نے کہاکہ گو ھد پور کورپور ڈکیتی کے ملزمان کی گرفتاری کیلئے ضلع بھر کی پولیس پوری طرح متحرک ہو گئی ہے اور جلد ہی ملزمان قانون کی گرفت میں ہونگے ۔

متعلقہ عنوان :

سیالکوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں