پاکستان کی بنیادیں استوار کرنے کیلئے برصغیر کے مسلمانوں نے لاتعداد اور بے مثال قربانیاں دی ہیں، ملک خرم شہزاد

منگل 14 اگست 2018 22:10

پاکستان کی بنیادیں استوار کرنے کیلئے برصغیر کے مسلمانوں نے لاتعداد اور بے مثال قربانیاں دی ہیں، ملک خرم شہزاد
سبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2018ء) نگران صوبائی وزیر انفارمیشن ملک خرم شہزاد نے کہا ہے کہ ہمارا وطن پاکستان وہ وطن نہیں جو وراثت میں اس کے بسنے والوں کو ملا ہو بلکہ پاکستان کی بنیادیں استوار کرنے کیلئے برصغیر کے مسلمانوں نے لاتعداد اور بے مثال قربانیاں دی ہیں اور اپنی قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں اس پاک سرزمین کو حاصل کرنے کیلئے ہمارے بزرگوں نے عظیم جدوجہد کی تحریک آزادی میں خواتین کا کردار بھی نمایاں تھا ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم آزادی کے موقع پر سبی گیریژن میں منعقدہ پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر بریگیڈیئر شہزادہ شاہد نوا، بریگیڈیئر ذوالفقار باجوہ ، کرنل آصف رانا، ڈپٹی کمشنر سبی امیر فضل اویسی، ڈویژنل ڈائریکٹر راجہ وقار الزماں کیانی، ایکسیئن بی اینڈ آر میر حبیب الرحمن بلوچ، ایکسیئن بی اینڈ آر بشیر خان ناصر، میجر انجم منہاس، سمیت پاک آرمی، ایف سی پولیس اور سول افیسران کے علاوہ اساتذہ اور طلباء وطالبات کی بڑی تعداد موجود تھی نگرانی صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی وادیاں اور اپنے اندر فردوس کی رعنائیاں لیے ہوئے ہرے بھرے اور وسیع العریض کھیت سونا اگل رہے ہیں ہم یہ بھی دیکھتے ہیں کہ ہمیں ہر قسم کی آزادی میسر ہے مگر یہ بھی نہ بھولیں کہ اس میں قائد اعظم کا دیا ہوا وژن علامہ اقبال کے افکار اور ہمارے اکابرین کے دیے ہوئے روشن اصول ہمارے لیے بہت زیادہ مفید اور مشعل راہ ہیں انہوں نے کہا کہ آزادی ایک نعمت ہے ملک و قوم کی حفاظت صرف افواج پاکستان کی ذمہ داری نہیں بلکہ ہر محب وطن پاکستانی پر لازم ہے چاہے دشمن بیرونی ہو یا اندرونی پاکستان قوم بلا تفریق اپنے افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے انہوں نے کہا کہ اگر اسی طرح ہم ثابت قدم رہے تو وہ دن دور نہیں جب ملک کا ہر کونا شادمان ہوگا انہوں نے کہا کہ حالات پر امن ہونے ثمرات ہم پہلے ہی اقتصادی راہداری اور گوادر کے بین الاقوامی بندرگاہ کی تعمیر کیلئے چین کی سرمایہ کاری کی صورت میں دیکھ رہے ہیں انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں آرمی اور ایف سی کے تعاون سے سیکورٹی حالات پہلے سے بہت بہتر ہوگئے ہیں ترقیاتی کاموں کیلئے ماحول انتہائی سازگارہے تیزی سے جاری ترقیاتی کام حالیہ منعقدہ الیکشن میں بلوچوں کی بھرپور شرکت اور سی پیک اس حقیقت کا منہ بولتا ثبوت ہے انہوں نے کہا کہ ماضی میں رہ جانے والی کمیوں کو پورا کرنے کیلئے ایک انتہائی مناسب وقت ہے ہمیں چاہیے کہ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور بلوچستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں اور افواج پاکستان کا بھی بھرپور ساتھ دیں تاکہ کوئی دشمن ہماری ترقی میں دہشت گردی کی صورت میں رکاوٹ نہ ڈال سکے انہوں نے کہا کہ آج اس عظیم موقع پر ہم عہد کرتے ہیں کہ اپنے شہدا ء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھتے ہوئے اپنی آزادی کی حفاظت کریں گے اور ملک و قوم کی سربلندی کیلئے بے لوث محنت سے کام کریں گے ۔

سیبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں