سبی کا تاریخی وثقافتی میلہ برصغیر کی اہم تقریبات میں سے ایک ہے،زندہ قومیں اپنے تہوار جوش وجذبے سے مناتی ہیں،حاجی محمد داؤد رند

منگل 10 مارچ 2015 23:22

سبی ( اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار .10 مارچ 2015ء )چیئرمین میونسپل کمیٹی سبی حاجی محمد داؤد رند نے کہا ہے کہ سبی کا تاریخی وثقافتی میلہ برصغیر کی اہم تقریبات میں سے ایک ہے۔ زندہ قومیں اپنے تہوار جوش وجذبے سے مناتے ہیں۔ اس روایتی میلے کی کامیابی ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سبی کے سالانہ قدیم تاریخی میلے میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سبی سہیل الرحمن، ڈی پی آو سبی محمد انور کھیتران، وائس چےئرمین میونسپل کمیٹی سبی میرشہداد مری، ڈائریکٹر تعلقات عامہ محمد نور کھیتران، محکمہ لائیواسٹاک اینڈ ڈیری ڈیولپمنٹ اور مختلف محکموں کے آفیسران سمیت قبائلی عمائدین بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین میونسپل کمیٹی سبی حاجی محمد داؤد رند نے کہا کہ یہ روایتی میلہ ہرسال جوش وجذبے سے منایا جاتا ہے جس میں ملک کے مختلف حصوں سے لوگ آتے ہیں اور تفریحی مواقع سمیت روزگار کے بہترین مواقع بھی ملتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس تاریخی میلے کا باقاعدہ آغاز 1885ء میں ہوا۔انہوں نے کہا کہ اس میلے میں 30ہزار کے لگ بھگ بھاگناڑی اور اعلیٰ قسم کے جانور لائے جاتے ہیں جس میں سے 8سے 9ہزار تک کی خریدوفروخت کی جاتی ہے جس سے ملک وصوبے کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے مالداروں کی آمدن میں اضافے کے ساتھ ساتھ انہیں روز گار کے بہترین مواقع بھی میسر ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لائیواسٹاک کے شعبے کی ترقی سے علاقاتی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ لائیو اسٹاک کی بھرپور کوشش ہے کہ مالداروں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں تاکہ مالدار اپنے جانوروں کی پرورش بہتر انداز میں کرسکیں۔ اس موقع پر ،فلاور شو، نیزہ بازی، رسہ کشی، جمپنگ، پہلوان شو، پیراٹروپنگ، گھوڑدوڑ، علاقائی رقص اور دیگر مختلف آئیٹمز پیش کئے گئے اور لوگوں نے ان آئیٹمز میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں نقد انعامات تقسیم کئے۔ قبل ازیں مہمان خصوصی کو بینڈ کے دستوں اور گائیڈز نے سلامی پیش کی۔

سیبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں