مالداری کے فروغ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے،،صدیق مندوخیل

بدھ 7 جنوری 2015 19:10

سبی( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 جنوری 2015ء)صوبائی سیکرٹری لائیواسٹاک محمد صدیق مندوخیل نے کہا ہے کہ مالداری کے فروغ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے،صوبے کی 53فیصدجی ڈی پی کا انحصار لائیواسٹاک پر ہے ،سالانہ میلہ 2015میں سبی سمیت صوبہ بھر سے آنے والے مالداروں کو سہولیات بہم فراہم کی جائیں گی،سبی میں رورل پولٹری فارم اور شتر مرغ فارم کا قیام جلد ہی عمل میں لایا جائیگا،گوشت کی پیدوار میں اضافہ کے لیے بیف پروسیسنگ یونٹ قائم کیئے جائیں گے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے سبی کے ایک روزہ دورہ کے دوران پریس کانفرنس میں صحافیوں سے بات چیت میں کیا،اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈاکٹر بیگ محمد کاکڑ،ڈویژنل ڈائریکٹر حاجی ڈاکٹر افضل نودھانی،بیف ریسرچ سینٹر کے سپرٹنڈنٹ ڈاکٹر عبدالواحد بلوچ،ڈاکٹر عزیز عثمانی،ڈاکٹر شاہ محمد خجک،ڈاکٹر عبدالرحمن و دیگر بھی موجود تھے،صوبائی سیکرٹری لائیواسٹاک محمد صدیق مندوخیل نے کہا کہ ہمارے دورے کا بنیادی مقصد سالانہ سبی میلہ مویشیاں و اسپاں کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لینا تھا انہوں نے کہا کہ سالانہ سبی میلہ جہاں پر عوام کی تفریح کا بہت بڑا سبب ہے وہاں مالداری کے فروغ اور جانوروں کی خریدوفروخت کے حوالے سے مویشی منڈی معاشی اعتبار سے اہمیت کی حامل ہے انہوں نے کہا کہ اس سال سالانہ میلہ میں شرکت کرنے والے مالداروں کو تمام تر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی اور جانوروں کے لیے شیڈز سمیت مویشی منڈی میں رات کے اوقات میں سرچ لائیٹس لگا ئی جائیں گی انہوں نے کہا کہ مالداری کا شعبہ صوبے کی معیشت میں اہمیت کا حامل ہے اور صوبے کی 53فیصدجی ڈی پی کا انحصار بھی لائیواسٹاک پر ہے جس کے فروغ کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا اور اس ضمن میں سبی میں قائم پولٹری فارم جو گزشتہ ایک دہائی سے بند ہے آئیندہ دوہفتوں میں فعال بنایا جائے گا تاکہ یہاں کے شہریوں کو مرغی کا گوشت اور انڈے سستے داموں میسر ہو سکیں انہوں نے کہا کہ دیہاتوں میں رورل پولٹری فارم پروجیکٹ کو جلد ہی متعارف کرایا جائے گا جس میں دیہاتوں میں غریب خاندانوں اور خواتین میں مرغیوں کے یونٹ تقسیم کئے جائیں گے ،انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ شتر مرغ کی فارمنگ کا منصوبہ بھی سبی میں جلد شروع کردیا جائے گا انہوں نے کہا کہ ہمارے صوبے سمیت پڑوسی ممالک میں گوشت کی بہت زیادہ مانگ ہے جس کے لیے بیف پرسیسنگ یونٹ قائم کرکے گوشت کی پیداوار میں اضافہ کر کے پرائیویٹ سیکٹر کو بھی مستحکم بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی اے آر سی کے منصوبوں کو بھی جلد تکمیل کے مراحل تک پہنچایا جائے گا تاکہ صوبے میں مالداری کا شعبہ بہتر انداز میں پروان چڑھ سکے۔

سیبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں