سیاسی برف پگھلادی ، امید ہے کہ نئے چشمے ابھریں گے ، نواب غوث بخش خان باروزئی

پیر 19 اکتوبر 2015 18:24

سبی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 اکتوبر۔2015ء )سابق نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب غوث بخش خان باروزئی نے کہا ہے کہ معاشرتی سدھار نے کے لیے کرسی کا ہونا ضروری نہیں،سبی کے عوام کی داڑھی کسی اور کے ہاتھوں میں ہے ،جس کی وجہ سے عوام مسائل کا شکار ہیں سیاسی برف کو پگھلا دیا ہے توقع ہے کہ نئے چشمے ابھر یں گے،قبضہ مافیا بیورو کریسی مسائل میں اضافے کا سبب ہے،ترقیاتی کاموں کا جال بچھانے کے دعوئے صرف اخبارات کے تراشوں تک محدود ہیں شہر پسماندہ جبکہ چندشخصیات امیر ہوتی جارہی ہیں،عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ،سبی کے قبائل آپس میں اتحادواتفاق پیدا کرکے مسائل کا حل نکال سکتے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیوی ہاؤس میں قبائلی جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا،قبائلی جرگہ میں نوابزادہ بارو خان باروزئی ، ڈسٹرکٹ وائس چیئرمین میر محمد خان چانڈیو،ملک چاکر خان خجک ،ملک اکبر چانڈیو، ملک آزاد خان خجک،بلوچ خان بنگلزئی،رئیس سومرو،سیٹھ حسین خجک،سابق یو سی ناظم انور لغاری،ملک عزیز اﷲ سامیزئی،حفیظ اﷲ لونی،علی مراد لکی،قاضی عبدالرزاق سمیت کثیرتعداد میں مختلف قبائل سے تعلق رکھنے والے قبائلی عمائدین و معتبرین نے شرکت کی، نواب غوث بخش خان باروزئی نے جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سبی کی ترقی و خوشحالی کے لیے ہمارئے ہاتھ مضبوط بنانے پر تمام قبائل کا شکر گزار ہوں ،انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصہ سے بیوروکریسی اور اسٹیک ہولڈرز نے سبی کے عوام کو مسائل کے دلدل میں دھکیل دیا ہے ترقیاتی کاموں کا جال بچھانے کے دعوئے حقیقی معنوں میں اخباری تراشوں تک محدود ہیں جبکہ علاقہ انتہائی پسماندہ ہورہا ہے اور چند شخصیات سیاسی مفادات حاصل کرکے امیر بنتے جارہے ہیں انہوں نے کہا کہ انسان کی اپنی داڑھی اپنے ہاتھ میں ہی اچھی لگتی ہے اور اگر ہم اپنی داڑھی کسی اور کے ہاتھ میں دیں گے تو یقیناً تکلیف سے دوچار ہوں گے انہوں نے کہا کہ ماضی کے گند کو صاف کرنے کے لیے سبی کے قبائلی عمائدین ،معتبرین،سول سائٹی اپنی صفوں میں اتحاد واتفاق برقرار رکھتے ہوئے معاشرتی تبدیلی لاسکتے ہیں انہوں نے کہا کہ معاشرتی سدھار کے لیے اقتدار کا ہونا ضروری نہیں ہے بلکہ یہ معاشروں کے افراد کی ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم سب مل کر اپنے اردگرد کے ماحول کو درست بنائیں،انہوں نے کہا کہ سبی کے عوام کا معیار زندگی بلند بنانا اور ان تک بنیادی سہولیات بہم پہنچانا ہمارا مشن ہےء جسے عوام کی طاقت کے ذریعے منزل تک پہنچائیں گے انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بات کا بھی ادراک ہے کہ ہمارا سفر کافی کٹھن ہے لیکن منزل دور نہیں ہے جس کے لیے ہمیں سوچ میں تبدیلی لانی ہوگی انہوں نے کہا کہ میری آنکھ میں کسی بھی قوم،قبیلہ ،ذات پات کے حوالے سے تعصب اور تنگ نظری کی کوئی بھی چربی موجود نہیں ہے بلکہ قومیت اور رنگ ونسل سے بالاتر ہوکر سبی کے عوام کے حقوق کی جنگ لڑنا ہے اور ہماری یہ جدوجہد حقوق کے حصول تک جاری و ساری رہے گی۔

سیبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں