سبی، بینک نے شوہر کی پنشن کئی ماہ سے روک رکھی ہے ، بیوہ تاج محمد مری

گھر میں فاقہ کشی ہے ،حکام بالا بینک انتظامیہ کو پنشن ادا کرنے کے احکامات جاری کریں ، متاثرہ بیوہ

منگل 26 جنوری 2016 19:42

سبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 جنوری۔2016ء ) سبی کے علاقہ بادرہ کی رہائشی بیوہ تاج محمد مری نے کہا ہے کہ میرئے شوہر کی پینشن کی رقم گزشتہ کئی ماہ سے بینک ادا نہیں کررہا ہے،گھر میں فاقہ کشی پڑ چکی ہے ،حکام بالا بینک انتظامیہ کو پینشن ادا کرنے کے احکامات جاری کریں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا نیٹ ورک میں اپنے داماد محمد بخش مری کے ہمراہ صحافیوں کواپنی روداد سناتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ میں سبی کی سب تحصیل بادرہ میں رہتی ہوں جو کہ سبی شہر سے کافی دورافتادہ اور پسماندہ علاقہ ہے جہاں پر ٹرانسپورٹ اور آمدورفت کی سہولت تک موجود نہیں ہے اور میں نے اپنے شوہر کی پینشن کی وصولی کے لیے حبیب بینک میں اپنے داماد محمد بخش کومختیارنامہ کے ذریعے یہ استحقاق دیا ہے کہ وہ ہر ماہ میری پینشن کی رقم بینک سے وصول کرکے مجھ تک پہنچائے لیکن گزشتہ کئی مہینوں سے حبیب بینک کی انتظامیہ کی جانب سے مجھے میری پینشن کی رقم نہیں مل پا رہی ہے جس کی وجہ سے میرئے گھر میں فاقے پڑ چکے ہیں اور یتیم بچوں کی کفالت کرنا انتہائی مشکل بن چکا ہے انہوں نے کہا کہ میں بیواہ خاتون ہوں اور پردہ داری اور ٹرانسپورٹ نہ ہونے کی وجہ سے سبی شہر نہیں آسکتی ہوں جس کی وجہ سے میں نے حبیب بینک میں اسٹامپ پیپر کے ذریعے مختیار نامہ بھی جمع کروایا ہے لیکن متعلقہ بینک کے منیجر کی بے حسی کی وجہ سے میرئے گھر کا چولہا ٹھنڈا پڑ چکا ہے میری حبیب بینک کے ریجنل منیجر ،سیکرٹری فنانس سے پرزور اپیل ہے کہ وہ میرا حق مجھے دلوانے کے لیے عملی طور پر احکامات جاری کرکے مجھے میرئے شوہر کی پینشن کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے تاکہ میرئے گھر کا چولہا جل سکے اور میں یتیم بچوں کی کفالت کرسکوں۔

متعلقہ عنوان :

سیبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں