جگلوٹ سکردو روڈ کے مکمل ہونے سے اقتصادی اور معاشی انقلاب آئے گا، سیاحت میں اضافہ ہوگا،میجر جنرل احسان محمود خان

اتوار 16 دسمبر 2018 22:10

سکردو۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2018ء) جگلوٹ سکردو روڈ کے مکمل ہونے کے بعد بلتستان کے عوام کی تقدیر بدل جائے گی اور ان علاقوں میں اقتصادی اور معاشی انقلاب آئے گا اور سیاحت کی ترقی میں بے پناہ اضافہ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار کمانڈر FCNAمیجر جنرل احسان محمود خان نے گزشتہ روز جگلوٹ سکردو روڈ کی تعمیر کے اہم منصوبہ سیپر شہید پل کچورہ کے افتتاحی تقریب سے خطاب میں کیا ۔

انہوں نے کہا 1980 کے بعد بلتستان کے عوام کے لئے آج خوشی کا دن ہیں کیونکہ آج کے دن بلتستان کے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا ہوا ہے 1980 میں پاکستان آرمی نے گلگت سکردو روڈ تعمیر کیا تھا اور بلتستان میں پہلی بار بڑی گاڑیوں کی آمدورفت کا آغاز ہوا تھا۔ انہوں نے کہا جگلوٹ سکردو روڈ کا آج سے 5 اہم پل مکمل ہو ا ہے اور بڑی گاڑیوں کی آمدورفت کا آغاز ہوا ہے انہوں نے کہا سکردو، کھرمنگ، شگر اور خپلو کے عوام کے خوابوں کی آج تعبیر مکمل ہوئی ہیں کچورہ پل سے اب بیک وقت دو بڑی گاڑیاں گزر سکے گی انہوں نے کہا جگلوٹ سکردو روڈ پر بھی تیزی کے ساتھ کام جاری ہے جو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جگلوٹ سکردو روڈ (شاہراہ بلتستان) کے تکمیل سے cpec منصوبوں پر عملدرآمد میں آسانی ہوگی انہوں نے ملک میں مواصلاتی نظام /انفراسٹرکچرکی تعمیر کے حوالے سے FWOکے کردار کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا FWO شاہراہ بلتستان پرمختلف مقامات پر عوام کی بہتری کیلئے کام کرے گی اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ایف ڈبلیو او میجر جنرل انعام حیدر نے کہا شاہراہ بلتستان اور پلوں کی تعمیر سے علاقے میں خوشحالی اور ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا کچورہ پل سے 70 ٹن وزن والی مال گاڑیاں گزر سکے گی اور اس پل کو 35 دنوں کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیاجائے گا۔

انہوں نے کہا 144 کلومیٹر شاہراہ بلتستان پر مختلف مراحل میں کام جاری ہے اور مقررہ معیاد میں کام مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا جگلوٹ سکردو روڈ کی تعمیر میں حکومت پاک آرمی اور عوامی نمائندوں کا کردار قابل تعریف ہے پل کے افتتاحی تقریب میں اعلیٰ سول اور عسکری افسران عوامی نمائندوں، سرکردگان ،صحافیوں اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔تقریب کے موقع پر فورس کمانڈر میجر جنرل احسان محمود خان عوام میں گھل مل گئے جس پر عوام نے بے حد خوشی کا اظہار کیا۔

سکردو میں شائع ہونے والی مزید خبریں